Live Updates

نیا پاکستان میں سب سے زیادہ اہمیت اساتذہ کو دی جائے گی کیونکہ ہم اس بات پر یقین کر تے ہیں کہ قومیں ہمیشہ تعلیم سے بنتی ہیں میٹرو سے نہیں ،میر ی خواہش ہے کہ اساتذہ کی تنخواہیں اتنی بڑھا دیں کہ ہر کوئی معلم کے شعبے کو اولین ترجیح دے

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئر مین عمران خان کی عالمی یومِ اساتذہ کے دن پر تقریب سے خطاب

بدھ 5 اکتوبر 2016 21:46

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان میں سب سے زیادہ اہمیت اساتذہ کو دی جائے گی کیونکہ ہم اس بات پر یقین کر تے ہیں کہ قومیں ہمیشہ تعلیم سے بنتی ہیں میٹرو سے نہیں ،اساتذہ کو تلقین کر تاہوں کہ وہ ہمیشہ زندگی میں سچ بولاکریں کیونکہ ان کی ذمہ داری بچوں کی تربیت ہے اگر وہ سچ نہیں بولیں گے تو اس ملک کو ایک بہترین مستقبل نہیں مل سکے گا۔

میر ی خواہش ہے کہ اساتذہ کی تنخواہیں اتنی بڑھا دیں کہ ہر کوئی معلم کے شعبے کو اولین ترجیح دے ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے عالمی یومِ اساتذہ کے دن کی منا سبت سے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے وزیرِ اعلی ہاؤ س پشاور منعقدہ تقریب بحیثیت مہمانِ خصوصی کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

عمران خان کا کہناتھا کہ ماضی میں ٹیلنٹ سرکاری سکولوں سے نکلتا تھا لیکن آج اس ملک میں سرکاری سکولوں کا معیار ِ تعلیم گرادیاگیا ہے کیونکہ سرکاری سکولوں میں کسی امیر کا بچہ نہیں پڑھتا صرف پیسے والے ہی آج بہتر ین تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن خیبر پختونخوا میں بر سرِاقتدار آتے ہی تحریکِ انصاف نے شعبہ تعلیم پر ایمر جنسی لگائی اور صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار شعبہ تعلیم میں سزا و جزا کا عمل شروع کرنے پر خیبر پختونخوا حکومت باالخصوص محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کو خراجِ تحسین پیش کر تا ہوں اور اچھی کا رکردگی پر اساتذہ کو کیش ایوارڈ سے نوازنے پر دلی خوشی ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے گذشتہ ساٹھ سالوں میں شعبہ تعلیم پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی جن لوگوں کو ہم کافر کہتے ہیں ان کے ملک میں سب سے بہتر تعلیم کا نظام ہے اور وہاں تمام قابل لوگ سرکاری سکولوں سے نکلتے ہیں اور جو بچہ سرکاری سکول میں فیل ہو جائے تو پھر وہ پرائیویٹ سکول میں جاتا ہے لیکن جس ملک میں میاں نواز شریف حکمران ہو تو وہاں سرکاری سکولوں اور شعبہ تعلیم کے نام پر عوام کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا جاتا ہے لیکن خیبر پختونخوا حکومت کو مبارکباد پیش کر تا ہوں کہ انہوں نے شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھائے اور میرے لئے یہ بات باعثِ فخر ہے کہ تحریکِ انصاف کی صوبائی حکومت کے دور میں 35000 بچے پرائیویٹ سکولوں کو چھوڑ کر سرکاری سکولوں میں آگئے ہیں ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جس نظام میں میرٹ اور احتساب نام کی کوئی چیز نہ ہو تو میں اس کرپٹ نطام کے خلاف کھڑا ہوں اور تحریکِ انصاف کرپشن کے خلاف جنگ کر رہی ہے اور ہم عنقریب یہ جنگ جیتنے والے ہیں۔ وہ ممالک کبھی تر قی کی منازل طے نہیں کر سکتے جودو بنیادی باتوں یعنی انسانی وسائل پر خرچ اور اداروں کو مضبوط کرنے پر عمل نہیں کر تے ۔ تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا میں انسانوں پر وسائل خرچ کر رہی ہے اور اداروں کو اصلاحاتی عمل کے ذریعے مضبوط کیا ہے۔

چیئر مین تحریکِ انصاف نے اس موقع پر محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے صوبہ بھر میں بہترین نتائج دینے والے سرکاری سکولوں کے اساتذہ و پرنسپلز کو نقد انعامات دیئے ۔ تقریب میں صوبائی وزراء ، اراکینِ اسمبلی سمیت اساتذہ اور والدین کی بھاری تعداد مو جو دتھی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات