موجودہ حالات میں نفاق اور انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں،اتحاد کے راستے پر چلنا وقت کا تقاضا ہے‘یہ وقت ذاتی مفادات کی خاطر قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ قوم کو اکٹھا کرنے کا ہے‘ قومی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں،نفاق کی سیاست کرنیوالوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں‘ پاکستانی قوم میں انتشار، نفاق اور تصادم کو فروغ دینے والے شہداء کے خون سے بے وفائی کر رہے ہیں

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کے دوران بات چیت

بدھ 5 اکتوبر 2016 21:34

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں نفاق اور انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کے راستے پر چلنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔

نفاق اور تصادم کی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے اور تمام اہم امور پر فیصلوں میں قومی قیادت سے مشاورت کرکے متفقہ لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے لیکن اہم قومی معاملات پر شکست خوردہ عناصر کی جانب سے ذاتی مفادات کی سیاست کسی طور بھی مناسب نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتشار، نفاق اور تصادم کی بجائے ہمیں مل کر پاکستان کیلئے یکجہتی اور اتحاد کو فروغ دینا ہے ۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے مظالم اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر یکساں موقف اپنانے کیلئے قومی قیادت نے جس اتفاق اور اتحاد کا بے مثال مظاہرہ کیا اس کا تقاضا ہے کہ ہم سب ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی مفادات کی خاطر ایک ہو جائیں اور مادر وطن کی حفاظت بھی ہمیں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے کا درس دیتی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ پاکستانی قوم میں انتشار، نفاق اور تصادم کی سیاست کو فروغ دینے والے شہداء کے خون سے بے وفائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت ذاتی مفادات کی خاطر قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ قوم کو متحد اور اکٹھا کرنے کا ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام اس نازک موقع پر انتشار، نفاق اور تصادم کی سیاست کے ذریعے قوم کو تقسیم کرنے کی کسی کوشش کا پہلے کی طرح اب بھی حصہ نہیں بنیں گے۔