بو گس ووٹر لسٹوں کو درست نہ کیا گیا تو بھر پور عوامی احتجاج کیا جائیگا،حافظ نعیم الرحمن

مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور بھارتی جارحیت کے خلاف بڑا پروگرام کیا جائیگا،ادارہ نور حق میں اجلاس سے خطاب

بدھ 5 اکتوبر 2016 21:27

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں کراچی کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ووٹر لسٹوں میں موجود بے ضابطگیوں ،خرابیوں اور الیکشن کرپشن کے خاتمے کی کوششوں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا اور الیکن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں کو درست نہ کر نے اور اس کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کر تے ہوئے اس امر کا اظہار کیا گیا کہ اگر بوگس ووٹر لسٹوں کو درست نہ کیا گیا تو ایک بار پھر عدالت ِ عظمیٰ سے رجوع کیا جائے گا اور بھر پور عوامی احتجاج کیا جائے گا ۔

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت بھی کی گئی اور طے کیا گیا کہ قومی اتحاد و یکجہتی کے بھر پور اظہار کے لیے عاشورہ محرم کے بعد کراچی میں ایک بڑا پروگرام کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء برجیس احمد ،ڈاکٹراسامہ رضی ،ڈاکٹر واسع شاکر ،مظفر احمد ہاشمی ،مسلم پرویز ،سیکریٹری کراچی عبد الوہاب اور دیگر ذمہ داران نے شر کت کی ۔

اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ووٹر لسٹوں میں بوگس اندراج کا حال یہ ہے کہ ایک ایک مکان میں 60,60ووٹرز اور ایسے پلاٹ جہاں نہ کوئی مکان تعمیر ہے اور نہ کسی کی رہائش ہے وہاں 70ووٹرز کا اندراج موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ درست ووٹرلسٹیں ہی شفاف انتخابات کے لیے پہلی سیڑھی ہے اگر ان کو درست نہیں کیا گیا تو آئندہ عام انتخابات بھی ماضی کی طرح دھاندلی زدہ ثابت ہوں گے۔

موجودہ انتخابی فہرستوں میں 15سے 25فیصد تک غلط اور بوگس اندراج موجود ہے ۔الیکشن کمیشن نادرا کے ڈیٹا بیس کے مطابق ووٹر لسٹوں کی تصحیح کرے ۔ ووٹر لسٹوں کے بارے میں جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی بار بار یہ بات کی ہے کہ موجودہ ووٹر لسٹوں میں بے شمار خرابیاں، بے ضابطگیاں اور غلطیاں ہیں جو سراسرالیکشن کرپشن کے زمرے میں آتا ہے کیونکہ جب ووٹر لسٹیں درست نہیں ہوں گی تو آزادانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکے گا ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ستمبر میں اعلان کیا تھا 10اکتوبر تک ووٹر لسٹیں درست کی جائیں گی اور کراچی میں ووٹرز اپنے اندراج یا غلط اندراج کو درست کراسکیں گے ۔ ان لسٹوں میں نئے سرے سے تصحیح کی جائے گی اور اس میں بنیادی کام یہ ہوگا کہ الیکشن کمیشن کا عملہ گھر گھر جاکر ووٹر لسٹوں کی تصدیق کرے گا اور جس بڑے پیمانے پر ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیاں موجود ہیں ان کو درست کیا جائے گا ۔

اس سلسلے میں شہر میں الیکشن کمیشن کے موجودہ اعلان کے مطابق 278ڈسپلے سینٹر قائم کیے جانے تھے ۔جہاں مکمل فہرستیں رکھی جانی تھیں لیکن اعلان کردہ دعوے کے مطابق 20فیصد بھی ڈسپلے سینٹر قائم نہیں کیے گئے اور جہاں جہاں چند مقامات پر یہ سینٹر قائم کیے گئے ہیں وہاں نہ ووٹر لسٹیں موجود ہیں اور نہ ہی وہاں موجود عملے کو اس کے بارے میں کچھ پتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :