وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات خان بوسن سے عالمی ادارہ خوراک کے ڈائریکٹر جنرل جوزگریزنیو ڈی سلوا کی ملاقات

زرعی پیداوار، اس کی طلب و رسد کے رجحانات، دنیا بھر میں زرعی شعبہ اور کاشتکاروں کے مسائل کو زیر بحث لایا گیا

بدھ 5 اکتوبر 2016 20:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات خان بوسن سے عالمی ادارہ خوراک کے ڈائریکٹر جنرل جوزگریزنیو ڈی سلوا نے ملاقات کی۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات کے دوران زرعی پیداوار، اس کی طلب و رسد کے رجحانات، دنیا بھر میں زرعی شعبہ اور کاشتکاروں کے مسائل کو زیر بحث لایا گیا۔ ڈی جی ایف اے او نے پانی کے وسائل کے تحفظ، کاشتکاروں کی استعداد کار بڑھانے، زرعی پیداوار بڑھانے پرزور دیا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے زرعی شعبہ دنیا بھر میں متاثر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لائیو سٹاک کے شعبہ میں صوبائی محکموں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کوبڑھانے اور اس شعبہ کے مسائل میں کمی لانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سکندر حیات خان بوسن نے ڈی جی ایف اے او کو پاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان، ایف اے او کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ زرعی شعبہ کی ترقی اور اجناس میں اضافہ کو ممکن بنایا جا سکے۔ ملاقات کے دوران چاروں صوبوں کے نمائندوں نے زرعی شعبہ کے مسائل اور اسے تجاویزو آراء سے شرکاء کو آگاہ کیا اور کہاکہ زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے ایف اے او کا کردار بہت اہم ہے۔

متعلقہ عنوان :