ایف بی آر تاجروں کو غیر ضروری نوٹسز بھجوانے سے گریزکرے،لاہور چیمبر

کاروباری ماحول خراب اور کاروبار دوست حکومت کی ساکھ متاثر ہورہی ہے،وفد سے خطاب

بدھ 5 اکتوبر 2016 20:18

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدرامجد علی جاوا اورنائب صدر محمد ناصر حمیدخان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ تاجروں کو غیر ضروری نوٹسز بھجوانے سے گریزکرے، ان کی وجہ سے کاروباری ماحول خراب اور کاروبار دوست حکومت کی ساکھ متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں پر مشتمل بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ، آپما کے چیئرمین خواجہ عباس، باؤ بشیر، خامس سعید بٹ، زاہد مقصود بٹ، وقار احمد میاں، محمد فیصل، محمد اجمل، قیوم رضا، ساجد حیدر، حسن رضا، فیاض قادری، عابد رشید و دیگر شامل تھے۔ وفد نے لاہور چیمبر کے عہدیداروں کو آگاہ کیا کہ کہ ایس آر او 1125جیسے مسائل نے پہلے ہی کاروباری برادری کو پریشان کررکھا ہے جبکہ غیر ضروری نوٹسز کی بھرمار جلتی پر تیل کا کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

امجد علی جاوا اور ناصر حمید خان نے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے تاجروں کو مراعات دے رہی ہے لیکن ہمارے ہاں صورتحال بالکل الٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو بہت سے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور اسے حکومت کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ نجی شعبہ معیشت کی بحالی کے لیے حکومتی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہتا ہے لیکن کاروبار مخالف اقدامات کی وجہ سے ایسا نہیں ہوپارہا ۔

انہوں نے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو غیر ضروری نوٹس بھجوانے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری معاشی نشوونما کے لیے انجن کا درجہ رکھتی ہے لہذا حکومت اسے درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

متعلقہ عنوان :