Live Updates

عوام کرپشن کیخلاف سروں پر کفن باندھ کر گھروں سے نکلنے کا فیصلہ کر چکے ہیں‘ جمشید اقبال چیمہ

پانامہ لیگ والوں کا چوری اور اوپر سے سینہ زوری کا فارمولہ کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

بدھ 5 اکتوبر 2016 20:10

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیگ والوں کا چوری اور اوپر سے سینہ زوری کا فارمولہ کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ،معیشت کی ترقی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے عوام پر مزید ٹیکسوں کا بم گرانے کی تیاریاں کر رہے ہیں جسے کسی صور ت قبول نہیں کیا جائے گا ،کشمیر کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے اور ان کی ہر سطح پر اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں کارکنوں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارکنوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عمران خان جب بھی کال دیں گے اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے اور حکمران خاندان کے خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے ذاتی مفادات نہیں بلکہ ملک و قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔

عوام نے رائیونڈ جلسے میں بھرپور شرکت کر کے کرپشن کے خلاف عمران کے موقف کی توثیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے رائیونڈ کے جلسے میں پانامہ لیکس کے حوالے سے جو حقائق اور اعدادوشمار پیش کئے ہیں (ن) لیگ کی قیادت بھی اس طرح کا جلسہ کرے اور سچائی کے ساتھ اپناموقف پیش کرے لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے کیونکہ حکمران طبقہ کرپشن میں لتھڑا ہوا ہے اور اس کے پاس عمران خان کے سوالات کا کوئی جواب نہیں ۔ جمشید چیمہ نے کہا کہ عوام کرپشن کے خلاف سروں پر کفن باندھ کر گھروں سے نکلنے کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں اور حکمران طبقے کے احتساب تک احتجاج جاری رہے گا ۔اس موقع پر اسلا م آباد کی طرف مارچ اور احتجاج کے مجوزہ فیصلے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات