وفاق المدارس الشیعہ کا کوئٹہ ، ٹیکسلا میں ٹارگٹ کلنگ کی مذمت

واقعات نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے دعووں کی نفی ہے‘آیت اﷲ ریاض نجفی

بدھ 5 اکتوبر 2016 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اﷲ حافظ ریاض حسین نجفی ، نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی اور سیکرٹر ی جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے کوئٹہ میں بس سوار 4شیعہ ہزارہ مسافر خواتین کی ٹارگٹ کلنگ اور واہ کینٹ ٹیکسلا میں دو عزاداروں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوسناک واقعات نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے دعووں کی نفی اور سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک عرصے سے کوئٹہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہے، جس میں ہزارہ شیعہ نے ہزاروں شہدا پیش کئے ہیں۔ کوئٹہ جیسے شہر میں سڑک پر مسافر بس کو روک کر دہشت گردوں کا فائرنگ کرکے بے گناہ خواتین کو شہید کرکے فرار ہوجانا حکومتی رٹ کے لئے بڑا چیلنج ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ اس دن شام کو رونما ہوا جب اسلام آباد میں ملک کی عسکری اور سیاسی قیادت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہارکر رہی تھی اور دعوے کررہی تھی کہ بدامنی کے واقعات میں 75فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

آیت اﷲ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ دہشت گرد جب ، جہاں اور جسے چاہتے ہیں شہید کردیتے ہیں، انہیں کوئی پوچھنے والا اور روکنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین دہائیوں سے شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، ابھی تک دہشت گردی کے ناسور پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ جوکہ ریاستی اداروں کی کارکردگی پر بہت بڑاسوالیہ نشان ہے۔

متعلقہ عنوان :