پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے درخواستوں پر فل بینچ بنانے کی سفارش ،فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی

بدھ 5 اکتوبر 2016 19:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے دائردرخواستوں پر فل بینچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف اور محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار اسد کھرل ، منیر احمد سمیت دیگر نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات مفاد عامہ کا معاملہ ہے لیکن نیب خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، 25 اپریل سے نیب کو درخواستیں دے رہے ہیں مگر تحقیقات نہیں ہو رہیں،نیب، ایف بی آر اور کسی بھی تحقیقاتی ایجنسی نے پانامہ لیکس پر تحقیقات نہیں کیں۔

پانامہ لیکس میں حکمران خاندان سمیت سیاستدانوں اور کاروباری شخصیات کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے تحقیقات کا حکم دیا جائے۔

(جاری ہے)

فاضل بینچ نے درخواستوں پر فل بینچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے اور ان درخواستوں میں اہم سوالات اٹھائے گئے ہیں ۔لہٰذا مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ان درخواستوں کی سماعت لارجر بنچ میں کی جائے۔جس کے بعد فاضل عدالت نے فل بینچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی ۔