پارلیمنٹ کاکشمیریوں سے اظہار یکجہتی قابل تحسین ، عمران خا ن کے بائیکاٹ نے بھارت کو خوش کیا‘ پانامہ لیکس پر احتساب کے مسئلے کو حل کیا جائے

جمعیت علما پاکستان کے صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی کی کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 5 اکتوبر 2016 19:37

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) جمعیت علما پاکستان کے صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سیاسی جماعتوں کی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے اہم اجلاس کا بائیکاٹ افسوسناک ، سیاسی ناپختگی اور بھارت کو خوش کرنے کے مترادف ہے۔ حکمرانوں کو بھی پانامہ لیکس پر احتساب کے مسئلے کو حل کرنا چاہیے۔

تاکہ قومی یکجہتی نظر آئے۔میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ پانامہ لیکس اور کرپشن ہمارے اندرونی معاملات ہیں، ان پر حکومت کو اقدامات کرنے چاہیں، لیکن ان معاملات کی وجہ سے قومی ایشوز پر اختلافات دنیاکو نہ دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی موقف پیش کرکے بھارت کو اچھا پیغام دیا ہے کہ کشمیریوں کے عالمی سطح پر ہم حمایتی ہی نہیں، اس مسئلے کے فریق ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیری کسی طور پر آزادی کے مطالبے سے دستبردارہونے والے نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ، سینیٹ چیرمین رضا ربانی اور پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے اچھا پیغام دیا ہے۔عمران خان ، پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک نہ ہوکر تنہائی کا شکار ہوئے ہیں۔ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھاکہ حکومت کو بھی اپنی ضدچھوڑ کر اپوزیشن کے پانامہ لیکس پر مطالبات کو مان لینا چاہیے۔

تاکہ قومی یکجہتی میں جو رکاوٹیں آتی ہیں، انہیں دور کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی طرف سے بھارت کو اچھا پیغام دیا گیا ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی سطح پر کشمیر پالیسی کو اجاگر کریں اور کشمیر کے مسئلے کا پائیدار حل تلا ش کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم متحد ہے ، اسے کوئی تقسیم نہیں کرسکتا۔ ہم مختلف قومیتوں، فرقوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے کے ساتھ پاکستان کے خوبصورت گلدستے کا حصہ ہیں۔