وفاقی وزیر اُمورکشمیر کی زیر صدارت " 27اکتوبر یوم سیاہ " کی تیاریوں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس،حالات کے پیش نظر یوم سیاہ ملکی اور غیر ملکی سطح پر منانے کے لیے بھرپور اقدامات کی ہدایت

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،قابض بھارتی فوج کے مظالم پوری دُنیا میں بے نقاب کیے جائیں گے،یوم سیاہ پر کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہا رکیا جائیگا،چوہدری برجیس طاہر کا اجلاس سے خطاب

بدھ 5 اکتوبر 2016 19:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور حالات کے پیش نظر اس مرتبہ 27اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کے بھرپور اقدامات کیے جائیں ۔وہ بدھ کو یہاں 27اکتوبر کو یوم سیاہ کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر عابد سعید ،چیف سیکرٹری آزادکشمیر سکندر سلطان راجہ کے علاوہ کشمیرکمیٹی، سی ڈی اے ،وزارت اطلاعات ،پی ٹی وی ،پی آئی ڈی ،ریڈیو پاکستان ،وزارت خارجہ اور چاروں صوبوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بے گناہ کشمیری عوام دیہایوں سے بھارتی قابض فوج کی ظالمانہ کاروائیوں کا بڑی بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں اورکشمیری عوام کی چوتھی ،پانچویں نسل اپنے حق خود ارادیت کے لیے پرُ امن تحریک آزادی کوزندہ رکھے ہوئے ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج پیلٹ گن اور دیگر کالے قوانین کے استعمال کے باوجود بہادر کشمیری عوام کے حوصلے پست کرنے میں ناکام رہی ہے اور برہان وانی کے جنازے میں لاکھوں افراد نے شرکت کرکے ثابت کر دیا کہ وہ کسی صورت میں بھارتی تسلط کو ماننے کے لیے تیارنہیں ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ملک ایٹمی طاقت ہونے کی وجہ سے مسئلہ کشمیر نیوکلیر فسلیش پوائنٹ بن چکاہے اور یہ دونوں ممالک کے درمیان کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے جنرل اسمبلی کے گزشتہ چار اجلاس میں بڑے موثر اور ٹھوس انداز سے کشمیر کے مسئلے کو دُنیا کے سامنے رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے حالات کے باعث پچھلے چند عرصے سے حکومت صرف کشمیر کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے حالات میں ہم سب پر فرض بنتا ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف یوم سیاہ منانے کے لیے اپنی تمام تر توانیا ں صرف کر دیں اور پوری دُنیا اور بھارت کو پیغام دیں کہ آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کو تسلیم نہیں کرتے اور اپنے کشمیری بھائیوں کی دُنیا کے تمام فورمزز پر سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

اجلاس میں وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا کہ اس موقع پر بیرون ملک پاکستانی سفارت خانے خصوصی تقاریب کا انعقاد کریں گے جن میں غیر ملکی صحافیوں سے انٹرویو ز ،کشمیرپر ویڈیو ڈاکیومنٹریز،بینرز آڑیکلز شامل ہیں ا سکے علاوہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے تصویری نمائشوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سلسلے میں تمام تر تعاون مکمل کر لی گئی ہے اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے حکام نے بتایا کہ یوم سیاہ کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز ترتیب دیے گئے ہیں اور اس دن کے حوالے سے خصوصی ٹاک شوز اور ڈاکیومنٹری ٹیلی کاسٹ کی جائیں گی جن کے ذریعے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے پیمرا حکام کو ہدایت جاری کیں کہ وہ یوم سیاہ کے دن کے حوالے سے نجی چینلجز سے رابطہ کر کے اس دن کو بھرپور طریقے سے منانے کے انتظامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میڈیا اور انفارمیشن کا دور ہے ہم جتنا زیادہ اس مسئلے کو الیکٹرونک ،پرانٹ اور سوشل میڈیا سے اُجاگر کریں گے اتنی ہی ہمیں دُنیا سے اس مسئلے سے متعلق مثبت رائے ملے گی۔اجلاس میں چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے اس دن کے حوالے سے کیے گئے خصوصی انتظامات سے اجلاس کو آگاہ کیا اور کہا کہ اس مرتبہ یوم سیاہ کو بھرپور طریقے سے منانے کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہے اور مظفر آباد سمیت تمام اضلاع میں اس دن کے حوالے سے خصوصی تقاریب کا انعقاد ہوگا۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے حکام نے بھی اپنے اپنے صوبے میں اس دن کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ 27 اکتوبرکو صوبائی درالحکومت سمیت تمام اضلاع میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کی بھر پو رمذمت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر مختلف تصویری نمائشیں،ڈاکیومنٹری ،ٹاک شوز،تقاریر ،ریلیز اور سیمیناز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔

وفاقی وزیر نے ایک بار پھر اجلاس میں شریک حکام پر زور دیا کہ کشمیر کے نیشنل کاز کی اہمیت کے حوالے سے یوم سیاہ کو بھرپور طریقے سے منانے کے لیے اپنی تیاریوں کو مزید بہتر کریں تاکہ کشمیریوں سے یکجہتی کا پیغام واضح طور پر پوری دُنیا میں دکھائی اور سنائی دے سکے۔ اجلاس میں ایل او سی کے دونوں اطراف شہید ہونے والی کشمیریوں اور شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :