خواتین کو شناخت کے بعد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانا بزدلانہ عمل ہے ،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی

دشمن کے خلاف تمام بلوچستان کی عوام متحد اور متفق ہے ،بلوچستان تاجر فورم

بدھ 5 اکتوبر 2016 18:55

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء ) ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی اور بلوچستان تاجر فورم کے رہنماوں نے کہاکہ خواتین کو شناخت کے بعد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانا بزدلانہ عمل ہے دشمن کے خلاف تمام بلوچستان کی عوام متحد اور متفق ہے ۔ بلوچستان میں خواتین کو خاص مقام حاصل ہے جسے گزشتہ روز دہشتگردوں نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہم دہشتگردانہ سوچ کے خلاف اعلان جنگ اور ہر فورم پر اس کے خلاف آوازا ٹھانے کا اعلان کرتے ہیں۔

یہ بات ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے جنر ل سیکرٹری احمد علی کوہزاد بوستان کشتمند ، رضا وکیل ، مرزا حسین ہزارہ اور بلوچستان تاجر فورم کے صدر غلام مہدی نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل احمد علی کوہزاد نے کہاکہ ہزارہ برادری کو مسلسل 15سال سے دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہاہے لیکن ہم 15سال سے پرامن احتجاج اور حکومت سے انصاف کا مطالبہ کرر ہے ہیں لیکن موجودہ حکومت ہمیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے جس کی مثال گزشتہ روز خواتین کو نشانہ بنانے سے ملتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب حکومت سے کسی قسم کا مطالبہ نہیں کیا جائے گا۔ کیونکہ ہمیں ان سے انصاف کی امید نظر نہیں آتی ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی خارجہ وداخلی پالیسی میں عوام کو شامل کرنے کی ضرورت ہے ماضی کے حکمرانوں نے مداخلت کی پالیسی اپنائی جس کے نتائج ہم آج تک دہشتگردی کی صورت میں بھگت رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ خطے میں امن کے لئے ضروری ہے کہ ملکی پالیسیوں کو پارلیمان کے تابع بنایاجائے ورنہ اس کے سنگین نتائج مستقبل میں بھی بھگتنے پڑینگے ۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کو ایک دوسرے کا دکھ درد سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ اور دہشتگردی کے خلاف یک زباں ہوکر کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلوچستان تاجر فورم کے صدر غلام مہدی نے کہاکہ خواتین کو ٹارگٹ کرنا عالمناک واقعہ ہے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں بلوچستان ایک قبائلی علاقہ ہے یہاں خواتین کو خصوصی احترام حاصل ہے ۔

لیکن دشمن کی بزدالانہ حرکت نے یہ ثابت کردیا دہشتگردوں کا تعلق نہ تو بلوچستان سے ہیں نہ ہی اسلام سے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کے خلاف تمام اقوام کو متحد ہوکر اعلان جنگ کرنے کی ضرورت ہے اہلیان بلوچستان دہشتگردانہ سوچ کے خلاف جنگ کریں اور ہر فورم پر دہشتگردی کے خلاف آواز اٹھا کر دشمن کی فرقہ وارانہ جنگ کروانے کی سازش کو ناکام بنائیں۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے رہنماء بوستان علی کشتمند نے کہاکہ کرانی روڈ کے واقعے کو تاریخ میں سیاہ باب کے طورپر دیکھا جائے یہ ایک شرمناک حرکت ہے خواتین پر حملہ کرکے دشمن نے چادر اور چاردیواری کی تما م حدود کو پامال کیا ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ اتنا بڑا واقعہ صوبائی حکومت کے لئے سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے عوام چاہئے کہ متحد ہوکر انسانیت کے دشمنوں کے خلاف کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :