قوم کا بھارتی جارحیت ہی نہیں امریکہ کی افغانستان کے ذریعے پاکستان کیخلاف سازشوں کے مقابلہ کیلئے بھی متحد ہونا ضروری ہے‘ لیاقت بلوچ

بھارت میں مودی سرکار اپنی غلطیوں کے شکنجے میں الجھ رہی ہے لیکن اگر پاکستان میں بھی سیاسی محاذ انتشار کا شکار ہوگیا تو یہ بڑ ا المیہ او ر قومی سلامتی کے لیے ہولناک ہوگا ‘ جماعت اسلامی پنجاب کی مشاورتی کونسلوں کے ذمہ داران سے خطاب

بدھ 5 اکتوبر 2016 18:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قوم کا بھارتی جارحیت ہی نہیں امریکہ کی افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازشوں کے مقابلہ کے لیے بھی متحد اور یک آواز ہونا ضروری ہے،بھارت میں مودی سرکار اپنی غلطیوں کے شکنجے میں الجھ رہی ہے لیکن اگر پاکستان میں بھی سیاسی محاذ انتشار کا شکار ہوگیا تو یہ بڑ ا المیہ او ر قومی سلامتی کے لیے ہولناک ہوگا ،قومی قیادت نے قومی اتفاق رائے کے لئے درست اقدام کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ آڈیٹوریم میں منعقدہ جماعت اسلامی پنجاب کی مشاورتی کونسلوں کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس سے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور نائب امیر علامہ جاوید قصوری نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی عوام کا منتخب ادارہ ہے ،جہاں اپوزیشن جماعتیں حکمرانوں کی کرپشن ،غیر آئینی اور عوام دشمن پالیسیوں اورحکومت کی نااہلی کو بے نقاب کرسکتی ہیں۔

بھارتی جارحیت، کشمیر کی آزادی اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالہ سے پارلیمنٹ کا اجلاس اہم ہے تاکہ متفقہ قومی ترجیحات پر مبنی پالیسی بنائی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کوپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کرناچاہئے تھا بلکہ پارلیمنٹ کے اندر اپنا کردار ادا کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف سیاسی محاذ پر انتشار و اختلاف کے خاتمہ کے لیے عدالتی کمیشن کے قیام کے راستہ میں حائل رکاوٹیں دور کریں اور حکومت اوراپوزیشن کے متفقہ ٹی او آرز کو تسلیم کر لیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حق اور با طل کی کشمکش ہمیشہ سے جاری ہے اورقیامت تک حق کے غلبہ کے لیے یہ جدوجہد جاری رہے گی۔قرآن و سنت کے نظام کا نام حسینیت اور اس سے انحراف یزیدیت ہے ۔اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے اتحاد کوتوڑنا چاہتی ہیں ۔ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ضروری ہے کہ محرم الحرام کو وحدت و اتحاد کا ذریعہ بنا یا جائے۔لیاقت بلوچ نے کوئٹہ میں بس پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی بھی دعا کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے حوالے سے اب تک کے حکومتی اقدامات ناکافی ہیں ۔مودی کی شرانگیزی اور جنگ کی دھمکیوں کا جرأت سے جواب دیا جانا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس وقت کی ضرورت ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کی بھر پورنمائندگی ہونی چاہئے تاکہ دشمن کو پوری قوم کی طرف سے ایک موثر اور متفقہ جواب دیا جاتالیکن تحریک انصاف کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے نہ صرف متحدہ اپوزیشن کو حیرانگی ہوئی بلکہ قوم نے بھی اس فیصلے کو پسند نہیں کیا ۔

دریں اثنا ء لیاقت بلوچ نے سینیٹر گلزار احمد مرحوم کی رہائش گاہ پر تعزیتی تقریب میں شرکت کی ،مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔