ریونیوافسران کو 3 سماعتوں تک اوورسیز پاکستانیوں کے ریونیو کیسوں کے فیصلے کی ہدایت

بورڈ آف ریو نیوکی اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کے فیصلے کے حوالے سے رپورٹ ماہانہ بنیادوں پر ارسال کرنے کی بھی ہدایت

بدھ 5 اکتوبر 2016 18:03

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء ) بورڈآف ریونیو پنجاب نے صوبے بھر کے ریونیو افسران کو ہدایت کی ہے کہ ریونیو عدالتوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے زیر سماعت ریونیو مقدمات کا فیصلہ تین سماعتوں تک یقینی بنایا جائے اور فیصلوں کی رپورٹ بورڈ آف ریونیو کو ماہانہ بنیادوں پر ارسال کی جائے۔اس ضمن میں کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن(او پی سی)پنجاب اورسینئر ممبر بورڈآف ریونیوجوادرفیق ملک کے درمیان اجلاس کے دوران ریونیو عدالتوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے کیسوں کے جلد فیصلے کے حوالے سے تفصیلات طے کی گئیں۔

ڈائر یکٹر جنرل او پی سی محمد حسن اقبال، ڈائریکٹر ریونیو عشرت نیازی اور او پی سی و بورڈآف ریونیو کے متعلقہ حکام بھی اجلاس کے دوران موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر او پی سی افضال بھٹی نے اس امرپر تشویش کا اظہار کیا کہ متعددیاددہانیوں کے باوجود بعض اضلاع کے ریونیو افسران کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے۔جس پر سنیئر ممبر بورڈآف ریونیو نے ہدایات جاری کیں کہ ریونیو افسران اپنے متعلقہ ضلع میں اوورسیز پاکستانیوں کے زیرالتواء مقدمات اور ان کے فیصلوں کے حوالے سے رپورٹ ہر ماہ بورڈآف ریونیوارسال کیا کریں گے تاکہ اس بات کا جائزہ لیا جا سکے کہ ایک ماہ میں ریونیو عدالتوں نے کتنے مقدمات کا فیصلہ کیا ہے۔

افضال بھٹی نے کہا کہ بورڈآف ریونیوکے عملی تعاون سے ریونیو عدالتوں میں زیر سماعت اوورسیز پاکستانیوں کے کیسوں کا جلد فیصلہ ممکن ہے اور اس ضمن میں بورڈآف ریونیوکا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔اس موقع پر اضلاع میں زیر سماعت اوورسیزپاکستانیوں کے کیسوں کاتفصیلی جائز ہ بھی کیا گیا اورسینئرممبر بورڈآف ریونیو نے بعض مقدمات کے فیصلے کے حوالے سے ریونیوافسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :