انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 11 لاکھ تک پہنچ گئی، ایف بی آر کے ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی رحمت اللہ وزیر کی 105 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء کو بریفنگ

بدھ 5 اکتوبر 2016 17:32

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے نان فائلرز کے لئے کاروبار کی لاگت بڑھانے اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات دینے کے نتیجے میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 11 لاکھ تک پہنچ گئی۔ یہ بات ایف بی آر کے ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی رحمت اللہ وزیر نے 105 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء کو ایک بریفنگ میں بتائی جنہوں نے بدھ کو ایف بی آر کا دورہ کیا۔

نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے ریکٹر محمد اسماعیل قریشی اور فیکلٹی ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے اور ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے لئے حالیہ مہینوں میں متعدد اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ملک میں 55 سے 60 کھرب روپے کے مساوی ٹیکس کی صلاحیت موجود ہے اور ہماری تمام تر کوششیں ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے درکار وسائل جمع کرنے پر مرکوز ہیں۔

(جاری ہے)

رحمت اللہ وزیر نے کہا کہ ایف بی آر فائلرز اور نان فائلرز کے درمیان تفریق کے لئے بھی اقدامات کر رہا ہے، اس سلسلے میں نان فائلرز کے لئے کاروبار کی لاگت بڑھانے کے علاوہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے آسانیاں اور رعایتیں بھی دی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر ممبر کمسٹمز ناصر مسرور احمد نے شرکاء کو پاکستان کسٹمز سروس کی زمہ داریوں، ریونیو بڑھانے اور موئثر سرحدی انتظام کے ذریعے تجارت میں سہولت دینے کے لئے اس کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ قبل ازیں ایف بی آر کے ممبر ایڈمنسٹریشن ماجد قریشی نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایف بی آر کی زمہ داریوں اور کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :