بھارتی جنگی جنون کے خلاف سیاسی قیادت کے اتحاد کا مظاہرہ خوش آئند اقدام ہے، کاٹی

امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ایس ایم منیر/ سفارت کاری کے ذریعے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا جائے، مسعود نقی

بدھ 5 اکتوبر 2016 17:25

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرستِ اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر مسعود نقی نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے مقابلے کیلئے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کا اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ایک پیج پر متفق ہوناخوش آئند اقدام ہے۔آل پارٹی کانفرنس نے پاکستان کو ایک منقسم و منتشر قوم تصور کرنے والے دشمن کو کرارا جواب دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بقا اور سا لمیت کے لئے حکومت، فوج، سیاسی جماعتیں ، صنعتکار و تاجر برادری اور عوام متحد اور وطن کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی خدشات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلانا ایک مثبت اور صحیح سمت میں فیصلہ تھا ۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کہا کہ دشمن کسی خوش فہمی کا شکار نہ رہے ، پاکستانی قوم کو اپنی بہادر فوج اور اسکے سپہ سالار پر فخر ہے۔

پاکستان کے دشمنوں کی دھمکی کے جواب میں اس قدر بھرپور ، موثر اور تیز ردعمل پاکستان کی بہادر فوج کا بہادر سپہ سالار ہی دے سکتا تھاجس کے نتیجے میں اب بھارت کو پاک فوج کی زبردست جنگی استعداد کا بخوبی اندازہ لگا لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے حوصلہ افزااقدامات اٹھائے مگر افسوس کہ بھارت کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا، جبکہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر سارک ممبر ممالک کے درمیان تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لئے بلائی گئی سارک بزنس لیڈرز کانفرنس کو بھی منسوخ کردیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک امن پسند قوم ہے اور اسکی امن پسندی کو کمزوری سمجھنا دینا حماقت ہوگی۔کاٹی کے صدر مسعود نقی نے کہا کہ بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے قومی یکجہتی کو مستحکم کرتے ہوئے قومی مسائل کو بھی باہمی مشاورت سے حل کیا جائے۔پاکستان میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کی جانب سے بھارت کے جنگی جنون کے خلاف اتحاد کے اس مظاہرے سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ پاکستانی قوم بھارتی جنگی جنون کے مقابلے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور مشکل وقت میں اپنے داخلی اختلافات نظرانداز کرکے دشمن کے خلاف سینہ سپر ہونے کا جذبہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موثراور مضبوط سفارت کاری کے ذریعے بھارتی جارحیت اور باہمی کشیدگی کے بارے میں اصل حقائق عالمی سطح پر اجاگر کیے جائیں اور بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لایا جائے۔

متعلقہ عنوان :