پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی جڑیں عوام میں ہیں اور اس نے ہمیشہ ملک میں جمہوری اقدار کو فروغ دیا ہے‘محمدرفیق رجوانہ

بدھ 5 اکتوبر 2016 16:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جنہوں نے ہر مشکل حالات میں پارٹی کا ساتھ دیا اور ملک بھر میں جمہوریت انہی کی مرہون منت ہے ،موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک کئی طرح کے بحرانو ں کا شکار تھا مگر آج پاکستان پہلے سے کہیں بہتر اور مضبوط ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے دس رکنی وفد سے گفت گو کے دوران کیا جنہوں نے چوہدری محمود حسین کمبوہ کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی قیادت کو جب بھی موقع ملا انہو ں نے وطن عزیز کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور آج بھی وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کی پوری ٹیم عوامی خدمت کے جذبے سے ملکی ترقی کے لیے کوشاں ہیں - انہوں نے کہا کہ ملک میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ ، طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ کی میرٹ پر تقسیم اور اعلی تعلیم کے لیے وظائف کا انعقاد یہ وہ چند اقدامات ہیں جن سے تعلیمی شعبے میں خاصی بہتری آئی ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ کارکن صرف عزت مانگتے ہیں اور وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نہ صرف اپنے کارکنوں سے رابطے میں ہیں بلکہ ان کے دکھ سکھ میں شریک بھی ہوتے ہیں - انہو ں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی جڑیں عوام میں ہیں اور اس نے ہمیشہ ملک میں جمہوری اقدار کو فروغ دیا ہے - انہو ں نے کہا کہ وہ خود بھی مسلم لیگ(ن ) کے کارکن ہیں اس لیے انہیں کارکنوں کے مسائل کاادراک ہے لہذا ان کے حل کے لیے ان کے شانہ بشانہ ہیں ۔وفد کے ارکان نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اپنے حلقے کے دورے کی دعوت دی۔

متعلقہ عنوان :