محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے میرپورخاص میں فوج بھی طلب

بدھ 5 اکتوبر 2016 16:47

میرپور خاص ۔ 5 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) ماہ محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے میرپورخاص میں فوج بھی طلب کرلی گئی ہے۔ 8سے10محرم تک متعلقہ محکموں کے افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ 8سے10محرم تک ہسپتالوں میں ہیلتھ ایمرجنسی اور ضلع بھر میں دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے۔ یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سید مہدی علی شاہ کی صدارت میں دربار ہال میں منعقدہ ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہِ محرم الحرام ہمیں یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کا درس دیتا ہے اس لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو چاہئے کہ وہ عوام کو بھائی چارگی، اتحاد، امن اور مذہبی ہم آہنگی کا درس دیں۔ انہوں نے ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے تعلقوں میں متعلقہ افسران اور مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے رابطے میں رہ کر ان کے مسائل حل کروائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف علماء کرام نے مجالس اور جلوسوں کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہونے، جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال اور دیگر درپیش مسائل کی نشاندہی کی اور محرم میں امن و امان قائم رکھنے کا یقین دلایا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر Iعبدالحفیظ لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرIIمنظورلغاری، ایس ایس پی رخسار کھاوڑ، چیئرمین میونسپل کمیٹی میرپورخاص فاروق جمیل درانی، ایس ایس پی اسپیشل برانچ خاور اکبر شیخ، چھورکینٹ کے میجر وقاص،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شفیق میمن، سول سرجن ڈاکٹر اصغر آرائیں، مفتی شریف سعیدی، حافظ حفیظ الرحمان فیض، مولانا التماس صابر، مولانا محمد بخش قادری، مولانا محمود قادری، سید ضیا حیدر نقوی، سید ثاقب کاظمی،سید حمزہ نقوی، اسسٹنٹ کمشنروں اور کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔