لاہور ہائیکورٹ میں میڈیکل کالجز میں اوورسیز طلباء کی فیسوں میں کئے گئے اضافے کیخلاف درخواست دائر، فریقین کے وکلاء حتمی بحث کیلئے طلب

بدھ 5 اکتوبر 2016 16:45

لاہور۔5 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم اوورسیز طلباء کی فیسوں میں کیے گئے اضافے کیخلاف دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کیلئے طلب کر لیا،لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزار طالبہ اقصی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے طبی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم مقامی طلبا کی فیسیں نہیں بڑھائی گئیں مگر اوورسیز طالبعلموں کی فیسوں میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے جو واضح طور پر امتیازی سلوک کے مترادف ہے،انہوں نے کہا کہ مہمان طالبعلموں کی فیسوں میں کیا جانے والا اضافہ واپس نہ لیا گیا تو وہ اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکیں گے جس سے ان کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ہے،انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مقامی اور غیر ملکی طالبعلموں کی فیسوں کے درمیان پائے جانے والی تفریق کو ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے،عدالت نے سرکاری وکیل کو کہا کہ عدالت کو بتایا جائے کہ اوورسیز طالبعلموں کی فیسوں میں اضافہ ختم کرنے سے میڈیکل کالجز کے مالیاتی امور متاثر ہوں گے یا نہیں، اس حوالے سے آئندہ سماعت پر عدالت کو آگاہ کیا جائے،عدالت نے کیس کی مزید سماعت سترہ دسمبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :