Live Updates

عمران خان بھارت کے خلاف پاکستان کو سخت اقدام اٹھانے کے معاملے پر تقسیم کر رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی شہ سرخی، پاکستان کی عالمی سطح پر بدنامی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 5 اکتوبر 2016 16:35

عمران خان بھارت کے خلاف پاکستان کو سخت اقدام اٹھانے کے معاملے پر تقسیم ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔05 اکتوبر 2016ء) : پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور ایل او سی پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کے لیے بلائے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ جس پر انہیں سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عمران خان کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں فیصلے کی گونج انٹرنیشنل میڈیا میں بھی سنی گئی ہے۔

غیر ملکی ویب سائٹ ہفنگٹن پوسٹ نے شہ سرخی میں لکھا کہ پاکستان کے سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عمران خان بھارت کے خلاف پاکستان کو سخت اقدام اٹھانے کے معاملے پر تقسیم کر رہے ہیں، ویب سائٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ سابق کرکٹر اور پاکستان کے سیاسی رہنما عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستان کے دیگر سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عمران خان بھارت کے خلاف پاکستان کے موقف کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں یہ بات بھی بتائی گئی کہ عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ وزیر اعظم نواز شریف پر عائد پانامہ لیکس کے الزامات اور ان کے عہدے سے مستعفی نہ ہونے پر کیا ہے۔ غیرملکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ عمران خان نے اڑی حملے سے متعلق موضوع رد عمل نہ دینے پر وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت کو ناکام قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے عمران خان سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دیگر سیاسی رہنماؤں کا بھی یہی ماننا ہے کہ عمران خان کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ضرور شریک ہونا چاہئیے البتہ عمران خان اپنے موقف اور فیصلے پر بضد ہیں، عمران خان کا یہ فیصلہ عالمی سطح پر پاکستان کے اتحاد اور سالمیت پر پاکستانی حکومت اور قوم کے متحد ہونے پر جگ ہنسائی کا سبب بن سکتا ہے۔ جبکہ انٹرنیشنل میڈیا پر بھی اس طرح کی خبریں شائع ہونا یقیناً عمران خان سمیت پاکستان بھر کی بدنامی کا سبب ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :