اساتذہ تمام تر مفادات سے بالاتر ہو کر تدریس کا عظم پیشہ سرانجام دیں ،جام مہتاب حسین ڈھر

بدھ 5 اکتوبر 2016 16:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) صوبائی وزیر برائے تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ تدریس ایک مقدس پیشہ ہے اس سے وابستہ اساتذہ کو معاشرے میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری اپنے مقدس پیشے سے وابستگی ہے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر ایک پیغام میں کہی انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کو بھول کر مستقبل کی طرف دیکھنا ہے اور اساتذہ کو مستقبل کے معمار تیار کرنے ہیں تاکہ یہ بچے آگے جاکر ملک کی باگ دوڑ احسن طریقے سے سنبھال سکیں ،انہوں نے کہا کہ قابل اور محنتی اساتذہ کسی بھی قوم کا فخر ہوتے ہیں اور آج اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اساتذہ یہ عہد کریں کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری اور جانفشانی سے انجام دیں گے اورطلباء و طالبات کی تعلیمی ترقی اور بہتر تربیت کو اپنا نصب العین سمجھیں گے اور تمام مفادات سے بالاتر ہو کر اس عظیم مقصد کو سرانجام دیں گے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرِتعلیم نے مزید کہا کہ وسائل کی کمی نہیں ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے پیشے سے مخلص رہیں ۔محکمہ تعلیم اچھی کارکردگی کے حامل اساتذہ کو تعریقی سرٹیفیکٹ اور نقد انعامات دینے کا ارادہ رکھتی ہے ۔جام مہتا ب حسین ڈھر نے کہا کہ ملک کے اچھے مستقبل کا انحصار اساتذہ کے محنت پر ہے اور جب تک ہم سب مل کر اس عظیم مقصد کے لئے کام نہیں کریں گے اس وقت تک مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :