کاشتکاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت ایک ہی روز میں قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، زرعی ترقیاتی بینک

بدھ 5 اکتوبر 2016 15:29

فیصل آباد اکتوبر 05 (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔05 اکتوبر۔2016ء): زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے کہا ہے کہ فصل ربیع کیلئے کاشتکاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت قرضوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سکیم کے تحت 25ایکڑنہری اور 50ایکڑ بارانی اراضی رکھنے والے ضرورت مند کاشتکاروں کو بیج ، کھاد ، زرعی آلات ودیگر متعلقہ امور کیلئے ایک ہی روز میں قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تمام قانون گو سرکلز کو ون ونڈو آپریشن کے سلسلے میں فوکل پوائنٹ بنایا گیاہے جہاں تمام پٹواری ، قانون گو ، نائب تحصیلدار ، تحصیلدار ہر سوموار کو ون ونڈو آپریشن سنٹر میں موجود اور موبائل کریڈٹ آفیسرہر پیر کے روز درخواستیں وصول کر رہے ہیں اور اسی روز قرضوں کی فراہمی کا عمل مکمل کیا جارہاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ڈاکخانوں کا عملہ بھی ون ونڈو آپریشن سنٹرز میں زرعی پاس بکس جاری کر رہا ہے۔انہوں نے بتایاکہ کسانوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے بھی بھر پور اقدامات کئے گئے ہیں اور فصل ربیع کیلئے قرضوں کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف فوری سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔