کنٹرول لائن ‘بھارتی فوجیوں نے زیر زمین بنکروں کی تعمیر شروع کر دی

بدھ 5 اکتوبر 2016 14:30

کنٹرول لائن ‘بھارتی فوجیوں نے زیر زمین بنکروں کی تعمیر شروع کر دی

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) اڑی حملے کے بعد پاکستان سے جاری کشیدگی کے باعث بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر زیر زمین بنکر تعمیر کرنا شروع کردئیے ۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی فوجیوں نے کہا کہ اڑی حملے کے بعد کوئی ایسا دن نہیں گزرا جب ایل او سی پردونوں طرف سے فائرنگ نہ ہوئی ہو ، اسی لیے بنکر بنانے کا کام پچھلے دو ہفتوں سے کافی تیزی سے جاری ہے ۔

اخبار کے نمائندے نے ایل او سی پر اڑی کے نزدیک ملٹری چیک پوسٹ کے دورے کے دوران مشاہدہ کیا کہ بھارت خاموشی سے کسی فیصلہ کن جنگ کی تیاریوں میں مصروف ہے ‘ یہ بھارتی فوجی پہلے کینوس کے خیموں میں سوتے تھے تاہم اب یہ چھ فٹ چوڑے اور دس فٹ لمبے سیمنٹ اور پتھروں سے بنے زیر زمین بنکر میں رہتے اور سوتے ہیں ، یہ بنکر کسی چھوٹے ہتھیار کے فائر سے باآسانی بچا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایل او سی کیساتھ واقع گاوٴں کے رہائشیوں نے بتایا کہ انکے گھروں کو جانیوالے راستوں پر پہلے دو تین بنکر تھے جو اب پچاس تک پہنچ چکے ہیں پندرہ دنوں سے جاری بڑے پیمانے کی تعمیرات سے لگتا ہے کہ بھارت ہزاروں بنکر تعمیر کرنا چاہتا ہے ۔ بھارتی افواج کے کئی اندرونی ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے ۔ دوسری جانب ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں بھارتی فوجی جنرلوں کے حوالے سے کہا گیا کہ وہ اپنی حکومت سے آزاد کشمیر میں چھ ماہ کیلئے خفیہ کارروائیوں کی اجازت مانگ رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :