صدر مملکت سے فوڈ اینڈ ایگریکلچر تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل جوز گرازینو ڈی سلواکی ملاقات

حکومت کاشتکاروں کے مسائل سنجیدگی سے حل کر رہی ہے، ممنون حسین

بدھ 5 اکتوبر 2016 14:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے،موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پاکستان اقدامات کر رہا ہے اور اس میں فوڈ اینڈ ایگریکلچر تنظیم کا تعاون ضرو ری ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات فوڈ اینڈ ایگریکلچر تنظیم (ایف اے او) کے ڈائریکٹر جنرل جوز گرازینو ڈی سلوا سے ملاقات کے دوران کہی جس میں وفاقی وزیر خوراک سکندر حیات بوسن کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایف اے او غربت کے خاتمے ، غذائی تحفظ ، ذریعہ معاش خوراک اور دیہی ترقی کے شعبوں میں اہم اقدامات کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ تنظیم آفت زدہ علاقوں میں عارضی بے گھر افراد کی بحالی ،جانوروں اوران سے لگنے والی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہی ہے اور امیدکا اظہار کیا کہ و ہ اس مشن کو آگے بھی لے کر چلے گی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے زرعی اجناس کے کئی شعبوں میں خود کفالت حاصل کر لی ہے اورفوڈ اینڈ ایگریکلچر تنظیم کے تعاون کی وجہ سے بہت ساری زرعی اجناس درآمد کر رہا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر زراعت کی ترقی اور چھوٹے کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جس میں ہمیں فوڈ اینڈ ایگریکلچر تنظیم سمیت دیگر عالمی اداروں کا تعاون درکا ر ہو گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں جس سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف اے او جوز گرازینو ڈی سلوا نے کہا کہ پاکستان کازرعی اجناس پیدا کرنے اور برآمد کرنے میں بہت اہم کردار ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے تنظیمی سرگرمیوں کے بارے میں صدر مملکت کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :