دبئی میں ہونے والے پے در پے ٹریفک حادثات

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 5 اکتوبر 2016 14:18

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔05 اکتوبر 2016ء) : دبئی میں ہونے والے پے در پے ٹریفک حادثات نے ٹریفک پولیس اور اس سے متعلقہ حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ محمد بن زاید روڈ پر سڑک پار کرتے ہوئے ایک مزدور گاڑی سے جا ٹکرایا۔ یہ حادثہ گذشتہ دنوں میں دبئی میں ہونے والے پے در پے ٹریفک حادثات کا حصہ ہے۔ ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل سیف مہیر المزوری کا کہنا ہے کہ ایشیائی مزدور اس حادثے میں فوری طور پر جاں بحق ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ جاں بحق مزدور نے گاڑی کی رفتار کا تعین کیے بغیر ہی سڑک پار کرنے کی کوشش کی اور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگہی مہم چلانے کے باوجود ابھی بھی کچھ شہری بلا خوف و خطر سڑک پار کرتے ہیں، جبکہ ہائی وے کو پار کرنا اپنی موت کو خود دعوت دینے یا خود کشی کرنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

ایک دوسرے ٹریفک حادثے میں رات دس بجے العویر روڈ پر ایک موٹر سائیکل گاڑی میں جا لگی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار کو کچھ چوٹیں آئیں۔

میری ٹائم ریسکیو کے سربراہ نے بھی ایک ٹریفک حادثے سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ہمیں صبح 6 بجکر 30 منٹ پر ایمرجنسی کی اطلاع موصول ہوئی جس پر ہم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ایشیائی ڈرائیور کی جان بچائی اور اسے طبی امداد فراہم کی۔ متاثرہ شخص کو شدید زخمی حالت میں راشد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :