صنعتی اداروں کی مو ثر انسپکشن، پیدوار میں اضافے اور مزدور کی حفاظت کی ضامن ہے‘سیکرٹری لیبر سہیل شہزاد

بدھ 5 اکتوبر 2016 12:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) سیکرٹری لیبر و انسانی وسائل سہیل شہزاد نے کہا ہے کہ محکمہ لیبر و انسانی وسائل حکومت پنجاب نے آجر و اجیر کی آکو پیشنل سیفٹی کے مسائل کے خاتمے ، انٹرنیشنل سٹینڈرڈز کے موثر نفاذ اور مروجہ لیبر قوانین میں مزید بہتری لانے کے لیے مو ثر اقدامات کیے ہیں ، اس مقصد کے پیش نظرمحکمہ لیبر و انسانی وسائل نے 18اضلاع کے ڈسٹرکٹ لیبر ا فسران میں شور،روشنی،درجہ حرارت ،نمی اور ہو ا کے مخرج کو ناپنے اور پیشہ ورانہ جدید حفاظتی آلات پر مشتمل آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کٹس تقسیم کی ہیں جس سے صنعتی اداروں میں ورکرز کے پیشہ ورانہ تحفظ میں بہتری آئے گی اور حادثات کی شرح میں کمی واقع ہو گی۔

انہوں نے یہ بات انڈسٹریل ریلیشنز انسٹی ٹیوٹ میں آکو پیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کٹس کی تقسیم کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب اور جرمن ادارے GIZکے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

جرمنی کے ادارے GIZکے نمائندے رومینہ کوچیس ،سیلینڈر فلپس ،سٹیفن بفرلنگ ،ڈی جی لیبر محمد سلیم حسین، پراجیکٹ ڈائریکٹر ارشد محمود، ڈائریکٹر انڈسٹریل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ طاہر منظور و دیگر متعلقہ افسران اس موقع پر موجود تھے۔

سیکرٹری لیبر سہیل شہزاد نے کہا کہ فیکٹریوں کی مو ثر انسپکشن صنعتی پیدوار میں اضافے اور مزدور کی حفاظت کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لیبر نے ” قانون برائے صحت وتحفظ صنعتی کار کنان 2016“برائے منظوری وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف بھیج دیا ہے ۔ نئے قانون کی رو سے کام کی جگہوں پر محکمانہ انسپکٹرز کا دائرہ کار وسیع کرتے ہو ئے رسمی کے ساتھ ساتھ غیر رسمی کام کی جگہوں کو بھی انسپکشن کے لیے لا زمی قرار دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت صوبہ بھر کے صنعتی و تجارتی اداروں میں لیبر قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے محکمہ لیبر وانسانی وسائل کے افسران کی استعداد کار میں اضافہ کی غرض سے ٹریننگ فراہم کی جارہی ہے ۔سہیل شہزاد نے کہا کہ مزدوروں اور صنعتی کارکنوں کو آکو پیشنل سیفٹی بارے آگاہی دینے، حاصل حقوق سے آگاہی دلانے اور کسی بھی استحصال سے محفوظ رکھنے کے لیے ان ہاؤس ٹریننگ سیشن کا انعقاد بھی عمل میں لا یا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صنعتی و تجارتی اداروں کی انتظامیہ ، سپروائزرز، مینیجرزاور دیگر انتظامی افسران کو آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ بارے 75سے زائد کورسز کروائے جاچکے ہیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ارشد محمود نے اس مو قع پر کہا کہ کام اور ملازمت کی جگہوں پر محنت کشوں ، مزدوروں اور صنعتی کارکنوں کی صحت اور جانی تحفظ یقینی بنانے کے لیے آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کے حوالے سے بین الاقوامی اداروں سے تصدیق شدہ کورسز بھی کروائے جائیں گے اورکورسز مکمل کرنے والے ماسٹرٹرینرزباقی افسران کو تربیت فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی اداروں میں درپیش ممکنہ خطرات کے حوالے سے ورک پلیس تجزیہ بھی عمل میں لایا جارہاہے۔