سرجیکل اسٹرائیکس کے بھارتی دعوے غلط ہیں، سنجے نروپم

بدھ 5 اکتوبر 2016 12:43

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے ایک رہنما سنجے نروپم نے بھارتی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر میں مبینہ طور پر کی گئی سرجیکل اسٹرائیکس کے دعووٴں کو غیر حقیقی قرار دے دیا ہے۔دوسری جانب کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی اور رہنما راہول گاندھی نے سنجے نروپم کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے سرجیکل اسٹرائیکس کی حمایت کی ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما سنجے نروپم نے سوشل میڈیا پر دیے اپنے ایک چونکا دینے والے بیان میں کہا کہ ہر بھارتی شہری پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیکس کے حق میں ہے لیکن ان ٹارگٹڈ آپریشنز کو حقیقی ہونا چاہیے نہ کہ جھوٹا جیسا کہ بی جے پی کی حکومت نے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی اور رہنما راہول گاندھی نے سنجے نروپم کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے سرجیکل اسٹرائیکس کی حمایت کی ہے۔

کانگریس کے ترجمان رندیپ سورجوالا نے کہا کہ بھارتی فوج کے سرجیکل اسٹرائیکس کے حوالے سے اعلان پر کوئی ابہام نہیں۔ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھارت کے وزیر دفاع منوہر پاریکر پر بھی سرجیکل اسٹرائیکس کے حوالے سے سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے دیے گئے بیان پر کڑی تنقید کی ہے۔پارٹی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ بی جے پی رہنماوٴں کو قومی سلامتی کے معاملات پر سیاست کی دکان چمکانے سے روکے۔ کانگریس کے ترجمان سورجوالا نے ایک بیان میں الزام عائد کیا کہ پاکستان بھارتی سرجیکل اسٹرائیکس کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کر رہا ہے لہذاٰ مودی حکومت کو اس کا جواب دینے کے لیے اسٹرائیکس کے ثبوت مہیا کرنے چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :