ایف پی سی سی آئی اور ایل سی سی آئی کا صنعت و تجارت کی بہتری اور معاشی خوشحالی کیلئے ریسرچ ورک کے تبادلے پر اتفاق

منگل 4 اکتوبر 2016 19:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 اکتوبر- 2016ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) اور لاہور چیمبرصنعت و تجارت کی بہتری اور معاشی خوشحالی کیلئے ریسرچ ورک کا تبادلہ کرینگے۔یہ فیصلہ ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین میاں رحمان عزیز،اورلاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط ، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، نائب صدر ناصر حمیدخاں اور دیگر عہدیداروں کی لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔

اس موقع پرایف پی سی سی آئی ریجنل چیئرمین میاں رحمان عزیز نے تجارتی اداروں کے درمیان رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ عالمی سطح پر ملک کی ساکھ بہتر کرنے کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا جسے دشمنوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔میاں رحمان نے نو منتخب صدر عبدالباسط اور دیگر ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ امید ہے نئے عہدیدار تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے بھر پور کوشش کرئے گئے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہاکہ وفاقی چیمبر اور لاہور چیمبر جیسے اہم اداروں کے درمیان اشتراک بہت دوررس نتائج کا حامل ہو گا۔عالمی سطح پر اپنا صحیح مقام حاصل کرنے کیلئے تاجروں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو نا ضروری ہے۔ سینئر نائب صدر امجد علی جاوانے کہاکہ تمام چیمبرز کو چاہیے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں۔ ملک کی تجارتی تنظیموں کے درمیان اشراک سے ہی معاشی ترقی و خوشحالی کا خواب پورا ہو گا۔لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور ایف پی سی سی آئی کمیٹی چیئرمینوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :