غیر قانونی طور پر رقم بیرون ملک بھیجنے والے سیاستدانوں اور معروف شخصیات کیخلاف درخواست پر فریقین کے وکلاء بحث کیلئے طلب

منگل 4 اکتوبر 2016 18:16

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 اکتوبر- 2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے غیر قانونی طور پر رقم بیرون ملک بھیجنے پر 64 سیاستدانوں اور معروف شخصیات کے خلاف کاروائی کی درخواست پر فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف،شہباز شریف،عمران خان، چوہدری شجاعت حسین، پرویز الٰہی ، سردارایاز صادق،اسحاق ڈار، جاوید ہاشمی،فاروق ستار،نجم سیٹھی ، میاں منشا ،عاصمہ جہانگیر، خواجہ شریف ،حمزہ شہباز شریف ،شاہد خاقان عباسی،رانا تنویر اور شیخ رشید نے3 سو ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے صاحبزادوں نے برطانیہ میں149 جائیدادیں خریدیں جبکہ درخواست میں فریق بنائے گئے تمام سیاستدا نو ں نے بیرون ملک اثاثے بنا کر ملک کو کنگال کیا۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ان سیاستدانوں اور معروف شخسیات کی طرف سے بیرون ملک بینکوں میں رکھے گئے پیسے وطن واپس لا کر ملک کی حالت تبدیل کی جا سکتی ہے اور حقیقی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عدالت اس کیس میں 24 سیاستدانوں کے خلاف پہلے ہی یکطرفہ کاروائی شروع کر چکی ہے لہٰذا کیس کو مزید آگے بڑھایا جائے ۔جس پر فاضل عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔