موٹروے پولیس کی کاروائی، چھینی گئی اور چوری شدہ دو کاریں برآمد، پیشہ ور کار چوربھی گرفتار

منگل 4 اکتوبر 2016 18:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 اکتوبر- 2016ء) موٹروے پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے چھینی گئی اورچورہ شدہ دونوں کاریں برآمد کر کے ایک پیشہ ور کار چور کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کو ٹریکر کمپنی سے اطلاع ملی کہ ایک سفید رنگ کی کرولا کار نمبر LEB-2927، ماڈل 2016لاہور سے چوری کی گئی ہے اور کار میں ٹریکر سسٹم نصب ہے جس کے مطابق یہ کار اس وقت موٹروے (M-2) پر سفر کررہی ہے ۔

لہذا موٹروے پولیس مذکورہ کار کی برآمد گی میں مدد کرے ۔ یہ اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران CPOمرزا عامر جاوید، SPOاحمد خان اور POاعجاز نے مذکورہ کار کو موٹروے (M-2) پر بھیرہ کے قریب روک کر کار کو اپنے قبضے میں لے لیا جبکہ کار سوار ملزم غلام ربانی ولد عبدالرحمن سکنہ ایبٹ آباد کو گرفتار کرلیا ۔

(جاری ہے)

دوسری کاروائی میں ٹریکر کمپنی سے موٹروے پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک سفید رنگ کی کرولا الٹس کار نمبر BCR-041، ماڈل 2014علاقہ تھانہ نصیر روالپنڈی کے حدود سے چھینی گئی ہے ۔

یہ اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کنٹرول روم نے تمام پٹرولنگ گاڑیوں کو الرٹ کر دیا اور موٹروے پولیس نے مذکورہ کار کی سرچ شروع کر دی ۔ کچھ ہی دیر بعد موٹروے پولیس کے افسران PO طارق APOطاہر تاج کو دوران پیٹرولنگ مذکورہ کار موٹروے (M-1) پر رشکئی کے قریب کھڑی ملی جس کے اس پاس کوئی بھی شخص موجود نہ تھا۔ موٹروے پولیس کے افسران نے کار کو اپنے قبضے میں لے کر تلاشی لی تو ایک عددٹوٹا ہوا سام سنگ موبائل فوم اور ڈگی میں سے جانوروں کی کچھ ادویات ملی۔ بعدازاں موٹروے پولیس کے افسران نے برآمد شدہ دونوں کاریں اور گرفتار ملزم کو گاڑی کی مالکان کی موجودگی میں مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ لوکل پولیس تھانہ جوہر ٹاؤن لاہور اور تھانہ نصیر آباد راولپنڈی کے حوالے کر دیا۔

متعلقہ عنوان :