مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی قیادت نوجوان نسل کر رہی ہے،نوجوان مظلوم بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،سردار محمد مسعود خان

منگل 4 اکتوبر 2016 16:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔04 اکتوبر۔2016ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت تحریک آزادی کی قیادت نوجوان نسل کر رہی ہے ۔ آزاد کشمیر کے نوجوان بھی اپنے مظلوم بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مقبوجہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے نوجوان مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتے ہیں۔

ان کا ہتھیار انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ہے ۔ بندوق نہیں۔ اس سلسلے میں بھارت کا پروپیگنڈہ جھوٹ پر مبنی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ آزاد کشمیر کے صدر محمد حنیف ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جنہوں نے کشمیر ہاؤس صدارتی سیکرٹریٹ میں ان سے ملاقات کی اور انتخابات میں یوتھ ونگ کی کارکردگی سے متعلق جامع رپورٹ پیش کی ۔

(جاری ہے)

صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوان سوشل میڈیا اور سائبر سپیس کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی نوجوان نسل کا دست و بازو بنیں اور ان پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنے میں ان کی مدد کی جائے ۔ صدر آزاد کشمیر نے پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ آزاد کشمیر کی سیاسی و سماجی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے محمد حنیف ملک کو خراج تحسین پیش کیا ۔

اور کہا کہ ان کی قیاد ت میں یوتھ ونگ آزاد کشمیر مذید متحرک اور فعال کردار ادا کرے گی ۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوان لائق ، محنتی اور ذہین ہیں۔ انہوں نے تہیہ کر رکھا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کی تقدیر بدل دیں گے ۔ اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے کارکن آزاد کشمیر میں تعلیم کے فروغ ، تعمیر و ترقی اور گذ گورننس کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے ۔

اور اس سلسلے میں حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں گے ۔ یہی نوجوان آزاد کشمیر پاکستان اور بین الاقوامی برادری کے درمیان رابطے بڑھانے کا ذریعہ بنیں گے ۔ یہ مقدمہ کشمیر کے وکیل اور سفیر ہیں۔ اس موقع پر محمد حنیف ملک نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے کارکن قائداعظم اور علامہ اقبال کے ویژن کے مطابق ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ نوجوان نسل کے لیے صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان کا کردار مشعل راہ ہے ۔ جنہوں نے اپنی قابلیت کی بنا پر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر سردار محمد مسعود خان نے نیو یارک میں او آئی سی اقوام متحدہ میں جس شاندار طریقے سے کشمیری قوم کا مقدمہ پیش کیا اس پر ہمیں فخر ہے ۔

متعلقہ عنوان :