پنجاب میں ڈویلپمنٹ سیکٹر ز کی ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کیلئے 5 ارب 51 کروڑ 32لاکھ 31ہزار روپے کی منظوری

منگل 4 اکتوبر 2016 15:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔04 اکتوبر۔2016ء) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2016-17 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 19 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی9 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 5 ارب 51 کروڑ 32لاکھ 31ہزار روپے کی منظوری دیدی ۔صوبائی ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی پنجاب محمد جہانزیب نے کی جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی ورکنگ پارٹی کے 19 ویں اجلاس میں جن9 منصوبہ جات کی منظوری دی گئی ان میں ہیلتھ سیکٹر کی ایک سکیم لاہور میں مناواں (رکھ چبل ) جی ٹی روڈکے مقام پر 100 بستروں پر مشتمل تحصیل ہسپتال کے قیام کیلئے 59 کروڑ 96 لاکھ 62 ہزار روپے، اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر کی سکیموں لاہور NA-121 میں سبزہ زار اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں پینے کے صاف پانی، سیوریج سسٹم، پی سی سی اور اس سے متعلقہ دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے 50 کروڑ 89 ہزار روپے، اسلامپورہ لاہور اور اس سے ملحقہ آبادیوں سمیت راوی روڈ میں پینے کے صاف پانی، سیوریج سسٹم اور پی سی سی کی فراہمی کیلئے 49 کروڑ 43 لاکھ 26 ہزار روپے، ضلع لاہور میں شملہ پہاڑی اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں پینے کے صاف پانی ، سیوریج سسٹم ، پی سی سی اور اس سے متعلقہ دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے 50 کروڑ روپے، روڈ زسیکٹر کی سکیموں ضلع سرگودھا میں بنگلہ سلطان پور تا نورے والا بنگلہ برآستہ لنگر والا پل جلہ بالاصاحبہ بنگلہ ایوان والا ہمراہ غزنی رجبہ سڑک کل لمبائی 41 کلومیٹر کی تعمیر و مرمت کیلئے 63 کروڑ 16 لاکھ 39 ہزار روپے، ضلع سرگودھا میں سرگودھا تا مخدوم انٹر چینج M-2 لمبائی 42 کلومیٹر سڑک کی تعمیر و مرمت کیلئے 1 ارب 37 کروڑ 3 لاکھ 50 ہزار روپے، ننکانہ صاحب میں پنڈوریاں M-3 انٹر چینج تا شاہ کوٹ برآستہ سانگلہ ہل لمبائی 32.90 کلومیٹر سڑک کی کشادگی و بہتری کیلئے 56 کروڑ 70 لاکھ 31 ہزار روپے، ضلع ننکانہ صاحب میں ننکانہ منگتاں والا سڑک کل لمبائی 17 کلومیٹر سڑک کی تعمیر و مرمت کیلئے 42کروڑ 68 لاکھ روپے اور ضلع گجرات میں کوتلا ارب علی خان تا کھاریاں لمبائی 21.07 کلومیٹر کارپٹڈ سڑک کی کشادگی وبہتری کیلئے 42 کروڑ 33 لاکھ 34 ہزار روپے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :