کشمیر ریڈر پر پابندی کے خلاف ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کاسرینگر میں احتجاج

منگل 4 اکتوبر 2016 14:48

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔04 اکتوبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے سرینگر سے شائع ہونے والے انگریزی روزنامہ ’کشمیر ریڈر‘ کی اشاعت پر پابندی عائدکے خلاف پریس کالونی سے انفارمیشن آفس سرینگر تک ایک ریلی نکالی اور انتظامیہ کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ نے گزشتہ روز روزنامہ’ کشمیر ریڈر‘ کی اشاعت پر پابندی عائدکردی تھی ۔

روزنامہ کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سرینگر کی طرف سے ایک تحریری حکم نامہ موصول ہوا تھا جس میں انہیں کئی وجوہات کی بنا پر اخبار کی اشاعت بند کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔پریس کالونی سرینگر میں وادی سے شائع ہونے والے تمام اخبارات اور ٹی وی چینلوں سے وابستہ نامہ نگاروں، ایڈیٹروں ،فوٹو جرنلسٹوں اور دیگر عملے نے دھرنا دیا اور اس کے بعد پریس کالونی سے ڈائریکٹرانفارمیشن آفس پولو ویو تک ایک ریلی نکالی۔

(جاری ہے)

ریلی جب انفارمیشن ڈائریکٹر کے آفس پولو ویو پہنچی تو وہاں پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے دھرنا دیا اور انتظامیہ کی میڈیا کے خلاف پالیسی کی شدید مذمت کی ۔ مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جو بعدازاں انہوں نے ڈائریکٹر انفارمیشن اافس کے گیٹ پر چسپان کردیئے گئے۔مظاہرین کشمیر ریڈر کی اشاعت کو جلد از جلد بحال کرنے کا مطالبہ کرر ہے تھے ۔ایک صحافی نے بتایا کہ انتظامیہ اس طرح کے حربوں سے میڈیا کی آواز کودبا نہیں سکتی۔

متعلقہ عنوان :