لاہور‘ڈینٹل ہسپتال کی عمارت کی مرمت ایک کروڑ روپے سے مکمل

ہسپتال کو 23نئے ڈینٹل یونٹس فراہم کئے جا رہے ہیں ،30لاکھ روپے سے جدید آٹوکلیوز کی تنصیب

منگل 4 اکتوبر 2016 12:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔04 اکتوبر۔2016ء) پنجاب سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈینٹل ہسپتال لاہور میں سروس ڈلیوری سٹینڈرڈ ز کو بہتربنانے پر خصوصی توجہ دے رہاہے اور نئے آلات و مشینری فراہم کی جا رہی ہے ،ہسپتال کی عمارت کی مرمت و آرائش کاکام ایک کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کر لیا گیاہے۔ یہ بات ڈی مونٹ مورنسی کالج آف ڈنٹسٹری ڈینٹل ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر وحیدالحمید نے بتائی۔

ا نہوں نے کہا کہ عمارت کی رئیپراینڈ مینٹیننس کا کام مکمل ہوچکاہے اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ نے ڈینٹل ہسپتال کے لئے ڈیجیٹل ایکسرے فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے اور 23نئے ڈینٹل یونٹس بھی بہت جلد ہسپتال کوفراہم کئے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پروفیسر وحید الحمیدنے مزید بتایا کہ 30لاکھ روپے سے جدید آٹو کلیوز کی تنصیب مکمل ہوگئی ہے اور حکومت ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کے لئے تمام وسائل فراہم کررہی ہے۔

ڈینٹل ہسپتال کے پرنسپل کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہسپتال کیلئے 55نئی پوسٹیں بھی فراہم کی تھیں جن پر میرٹ کے مطابق تقرریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ڈینٹل ہسپتال کے لئے 25 ملین روپے کی نئی سکیم کی بھی منظوری دے دی ہے۔پروفیسر وحید الحمید کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے لئے نیا ٹرانسفارمر بھی خرید لیا گیا ہے مزید برآں نئے کمپریسرز بھی نصب کردئیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نئے طبی آلات اور مشینری کے آنے سے ہسپتال کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہورہاہے اور مریضوں کو زیادہ بہتر سہولیات مہیا ہورہی ہیں۔