مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں،پروفیسر این ڈی خان

منگل 4 اکتوبر 2016 10:54

اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔04 اکتوبر۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما پروفیسر این ڈی خان نے کہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کر کے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی جماعت برسر اقتدار ہو مسلہ کشمیر پر اس کی ایک ہی قومی پالیسی ہوگی۔ ریڈیو پاکستان کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی جماعت برسرقتدار ہو یا حزب اختلاف اس سے فرق نہیں پڑتا مسلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں اس میں دو رائے نہیں ہو سکتیں۔

انھوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو اٹوٹ انگ کہ کر دنیا کی توجہ مسلہ کشمیر سے ہٹا نہیں سکتا کیونکہ اقوام متحدہ نے بھارت کی موجودگی میں یہ قرارداد منظور کی تھی کہ مسلہ کشمیر کو کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے مطابق حل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کی جانب سے مسلہ کشمیر پرتمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کرنا ایک مثبت اقدام ہے اور تمام جماعتیں اس قومی پالیسی پر یکجا ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے زمینی حالات اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ قومی سلامتی کمیٹی کو فعال کیا جانا چاہیے۔ پروفیسر این ڈی خان نے کہا کہ انہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے دورا اقتدار میں دنیا کے کئی ممالک کا دورہ کرنے کا موقع ملا تو معلوم ہوا کہ بیشتر ممالک مسلہ کشمیر کا علم نہیں رکھتے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں مسلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہوگا اور اسی پس منظر میں قومی اسمبلی کی کشمیر پالیسی کا از سرنو جائزہ لینا ہوگا اور اس پر تمام جماعتوں سے اظہار رائے بھی لینا ضروری ہے۔

سرجیکل سٹرائیک کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر کے حوالے سے بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں باخبر ہے اور سرجیکل سٹرائیک جیسے ڈھونگ رچا کر وہ اس مسلے کو دبا نہیں سکتا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کو علم ہونا چاہیے کہ پاکستانی شہیدوں،مجاہدوں اورسرفروشوں کی قوم ہے اور یہ ہر قیمت پر مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق ہی چاہیں گے۔