حکمران من پسند پروجیکٹ بنانے کی بجائے عوامی مسائل حل کریں ‘ ذکراﷲ مجاہد

لاہور شہرمیں ٹرانسپورٹ کے مسائل میٹروبس بننے کے باوجود جوں کے توں ہیں ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 3 اکتوبر 2016 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 اکتوبر- 2016ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ لاہور شہر مسائل کی اماجگاہ بن چکا ہے حکمران من پسند پروجیکٹس پر عوامی پیسہ پانی کی طرح بہا رہے ہیں ۔ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل میٹرو بس بننے کے باوجودجوں کے توں ہیں کئی ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عام آدمی کو اس کے ثمرات نہیں پہنچ سکے۔

ٹرانسپورٹرز آج بھی اپنی مرضی کے کرائے شہریوں سے وصول کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس چند سالوں کے عرصہ میں خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے ، میٹروبس پروجیکٹ میں ناقص میٹریل کے استعمال سے حکومتی کرپشن اور من پسند افراد کو ٹینڈردے کر نوازنے کے تنائج آج میٹروبس اسٹیشنوں پر واضح دیکھے جا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

مہنگی میٹرو بسوں کے اندر استعمال ہونے والے الیکٹرونک ڈیوائسوں کی خرابی، اسٹیشنوں پر آٹومیٹک ان آوٹ دروازے اکثر خراب حالت پائے جاتے ہیں، اسٹیشنوں پر مسافروں کے لیے بنائے جانے والے واش روم گندگی کی آماجگاہ بن چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں شہریوں کو کسی نہ کسی بہانے لوٹا جا رہا ہے اکثر سرکاری ہسپتالوں میں موٹر سائیکل اسٹینڈز والے پرچی فیس ڈبل وصول کر رہے ہیں جن میں سرفہرست جنرل ہسپتال ہے۔ ذکر اﷲ مجاہد نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کی غفلت کا نوٹس لے اور من پسند پروجیکٹ کی بجائے عوامی مسائل کو حل کرے۔

متعلقہ عنوان :