ہم مفاہمانہ حکمران منافقانہ سیاست کرتے ہیں۔اشرف بھٹی

پرویز مشرف کی باقیات کووفا قی حکومت میں مرکزی اہمیت حاصل ہے، بیان

پیر 3 اکتوبر 2016 18:16

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 اکتوبر- 2016ء ) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ہم مفاہمانہ جبکہ حکمران منافقانہ سیاست کرتے ہیں۔پرویز مشرف کی باقیات کووفاقی حکومت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ حکمرانوں کی سیاست جھوٹ اورمنافقت کی علامت ہے۔پرویز مشرف دورمیں دانیال عزیزشریف خاندان پر ذاتی قسم کے حملے کرنے میں پیش پیش ہوتا تھامگرآج وہ میاں نوازشریف کی آنکھوں کاتارابناہوا ہے ۔

پاناما پیپرز کے حق میں حکمرانوں کی ڈھٹائی شرمناک ہے،کوئی باضمیرانسان آف شورکمپنیوں اور چوروں کی حمایت نہیں کرسکتا ۔وفاقی کابینہ میں جوزیادہ جھوٹ بولتا ہے میاں نوازشریف اس سے زیادہ خوش اوراس پربہت مہربان ہوتے ہیں۔ وفاقی وزراء کے لطیفہ نمابیانات پڑھ پڑھ کرلوگ ہنسی سے لوٹ پوٹ ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ نادرآبادمیں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ وہ دورگیا جب شریف برادران کافرمان آئین اورقانون بن جایا کرتا تھا اور ان کے بریف کیس کی چمک سے ان کیخلاف متعددکیس ختم ہوجایاکرتے تھے ،اس بار حقیقی اوربے رحم احتساب ہوگا۔ پاکستان میں اب وہی سیاست کرے گاجس کی تجارت اور سرمایہ کاری بھی پاکستان میں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک تجارت کرنیوالے سیاست بھی وہیں کریں ۔

حکمرانوں سے بدعنوانی کی ایک ایک پینی وصول کی جائے گی،جولوگ بھی پاکستان اورپاکستانیوں کی بوٹیاں نوچ رہے ہیں انہیں ہرصورت انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔حکمران بظاہر احتساب کاسامنا کرنے کاتاثر دے رہے ہیں مگر اندرون خانہ بچاؤکیلئے 1999ء کی طرزپرقومی اداروں کیخلاف منظم منفی مہم چلائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کاکوئی ملک پاکستان کے داخلی ،سیاسی اورانتظامی معاملات میں مداخلت کرنے کاحق نہیں رکھتا ۔نوازشریف حکومت شروع دن سے عوامی اعتمادسے محروم تھی ۔انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز منظرعام پرآنے کے بعدپاکستان میں تبدیلی کی تحریک میں مزید تیزی آگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :