ایم کیو ایم لندن کا فاروق ستار کو بنیادی رکنیت سے فارغ کرنے کا اعلان

ندیم نصرت پارٹی کے منتخب کنوینر ہیں اور فاروق ستار کو تنظیمی فیصلوں کا کوئی اختیار نہیں، ایم کیو ایم لندن

اتوار 2 اکتوبر 2016 17:00

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) ایم کیو ایم لندن نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کو رکنیت سے فارغ کردیاہے۔ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں مصطفی عزیز آبادی، قاسم رضا، محمد اشفاق اور واسع جلیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ندیم نصرت پارٹی کے منتخب کنوینر ہیں اور فاروق ستار کو پارٹی میں تنظیمی فیصلوں کا اختیار حاصل نہیں ہے۔

ایم کیو ایم لندن کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فاروق ستار کی بنیادی رکنیت معطل کر دی گئی ہے لہذا اب وہ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر نہیں رہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فاروق ستارکا نام باربار غداری کا اعادہ کرنے پرخارج کیا گیا، فاروق ستار، تنظیمی ودیگر امور پر فیصلے عوام پر تھوپنے ک اختیار نہیں رکھتے، وہ اب ایم کیوایم کی جانب سے متعین کردہ پارلیمانی لیڈر نہیں رہے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم شہیدوں کی قربانیوں کا پاس رکھنے والے ارکان اسمبلی فوری استعفیٰ دیدیں، کارکنان وعوام ندیم نصرت کے ہراس بیان پریقین کریں جس کی توثیق بانی کرچکے ہوں۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ارکان اسمبلی ایم کیو ایم پارٹی پالیسی کے خلاف اقدامات پراستعفیٰ دینے میں آزاد ہیں۔ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ندیم نصرت ہی پارٹی کے کنوینر ہیں لہذا عوام ان کے بیان کو من و عن تسلیم کریں، تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی فوری طور پر مستعفی ہو جائیں، جو اراکین استعفی نہ دیں عوام سوشل میڈیا پر ان کا بائیکاٹ کر دیں۔