حکمران خاندان کے احتساب کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے‘ اعتزاز احسن

آئندہ کیلئے حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں،جب عملدرآمد کرینگے تو حکمرانوں کو فرار کا راستہ نہیں ملے گا‘ رہنما پی پی

اتوار 2 اکتوبر 2016 17:00

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حکمران خاندان کے احتساب کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے،پیپلز پارٹی آئندہ کیلئے حکمت عملی مرتب کر رہی ہے اور جب اس پر عملدرآمد کرینگے تو حکمرانوں کو فرار کا راستہ نہیں ملے گا۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ شریف خاندان ’’ شفاف کرپشن‘‘ میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا ۔

میگا پراجیکٹس میں اربوں روپے کی کرپشن کے باوجود شفافیت کے دعوے کئے جارہے ہیں ۔ اگر احتساب کے ادارے اپنا کردار ادا کریں تو (ن) لیگ کی حکومت کے ہوش اڑا دینے والے سکینڈلز منظر عام پر آئیں گے اور یہ آج نہیں تو کل ضرور سامنے آئیں گے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی پانامہ لیکس میں نام آنے پر حکمران خاندان کے احتساب کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئی ،اس معاملے کو جتنا طول دیا جائے گا اس سے مشکلات بڑھتی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی ٹی آئی کی طرف سے محرم الحرام کے بعد اسلام آباد کے گھیراؤ کے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کر رہی ہے ۔ اگر حکمرانوں کے ہاتھ صاف ہیں تو وہ خود کو کیوں احتساب کے لئے پیش نہیں کرتے؟، ان کی مزاحمت سے صاف نظر آرہا ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے۔