Live Updates

پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ تبدیلی ایکسپریس کا قافلہ لیکر کراچی پہنچ گئے

عمران خان عوام کی دم توڑتی امیدوں کو زندہ کررہے ہیں ،حلیم عادل شیخ

اتوار 2 اکتوبر 2016 16:58

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ تبدیلی ایکسپریس کا قافلہ لیکر کراچی پہنچ گئے ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے صوبائی رہنماؤں میں دیوان سچل،جے پرکاش اوکرانی ،آغا مولا بخش،ڈاکٹر مسروسیال ،امین اﷲ ،موسیٰ خیل،راجہ اظہرسمیت خواتین اور کارکنوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ،واپسی کراچی پہنچنے پر میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہو ں نے کہا وزیراعظم اپنی ضد چھوڑ دیں ورنہ عمران خان کے اشارے پر اسلام آبادبندکرنے کا پہلا تالہ سندھ حکومت ڈالے گی ،حکومت نے مطالبات نہ تسلیم کیئے توسندھ بھرسے قافلے اسلام آباد روانہ ہونگے۔

(جاری ہے)

بہت جلد عوام شریف برادران کی بادشاہت کا خاتمہ دیکھے گی ،ہم عمران خان کے حکم پر جلسہ کرکے واپس آگئے وہ ہمیں ساری عمر بھی بیٹھنے کا کہتے تو ہم وہاں سے نہ ہلتے مگر موجودہ ملکی حالات میں ہم کوئی ایساکام نہیں کرنا چاہتے جس سے بھارت کی جانب سے کوئی گھناؤنی حرکت کوفروغ ملے ،انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قافلوں کو لیکر پہنچے ہیں کیونکہ ہم اپنے کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے ،اڈہ پلاٹ کا جلسہ امید سے کہیں بڑا ثابت ہواہے جلسے میں ان لوگوں نے زیادہ شرکت کی جو حکمرانوں کی ناکام پالیسی اور غلط طرز حکمرانی کے ہاتھوں سخت ازیت کی زندگیاں گزارنے میں مصروف تھے ،ہمارے قافلوں کی سندھ کی عوام کی جانب سے مشروبات اورپھولوں سے تواضح کی گئی،انہوں نے کہا کہ اس قوم کو حقیقی آزادی کے حصول کے لیے چیئرمین عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا،آج لاکھوں کی تعداد میں تحر یک انصاف کے جلسے جلوسوں میں لوگ اس لیے گھروں سے نکلتے ہیں کہ انہیں یقین ہے کہ عمران خان ہی اس ملک کو تباہی اور بربادیوں سے بچاسکتاہے ،انہوں نے کہاکہ چیئرمین عمران خان عوام کی دم توڑتی امیدوں کو زندہ کررہے ہیں،اس سے بڑی اس ملک کی بدقسمتی اور کیا ہوگی کہ عوام سے لوٹی گئی دولت ملک سے باہر پڑی ہوئی ہے اور قوم سسک سسک کر مررہی ہو،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی پانامہ لیکس سے جان نہیں چھٹنے والی انہیں ہر حال میں قوم کے ایک ایک روپے کا حساب دیناہوگاتاکہ اس ملک میں پھر سے خوشحالی لانے کے لیے قوم کا پیسہ قوم پر خرچ کیاجاسکے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات