منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن میں کوئی خرابی پیدا نہیں ہوئی ، گزشتہ شب معمول کے مطابق بجلی پیدا کی ‘ واپڈا

منگلا سے گزشتہ روز پیک آورز کے دوران 1115 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی جو اِس کی پیداواری صلاحیت سے بھی 115 میگاواٹ زیادہ ہے ‘واپڈا

اتوار 2 اکتوبر 2016 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء ) واپڈا ترجمان نے اخبارات میں شائع ہونے بے بنیاد خبر کی وضاحت کی جس میں منگلا پاور سٹیشن میں خرابی کو بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ قرار دیا گیا ہے ۔ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ رات منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن میں کوئی خرابی پیدا نہیں ہوئی اور اِس سے معمول کے مطابق بجلی پیدا کی جاتی رہی ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ روزپیک آورز کے دوران منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے ایک ہزار 115 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی، جو اِس کی مجموعی پیداواری صلاحیت یعنی ایک ہزار میگاواٹ کے مقابلے میں 115 میگاواٹ زیادہ ہے ۔

ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ رات منگلا سمیت واپڈا کے تمام ہائیڈل پاور سٹیشن معمول کے مطابق کام کرتے رہے اور ارسا کی ہدایت کے مطابق خارج کئے گئے پانی سے بجلی پیدا کرتے رہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا ہے کہ آج بھی واپڈا کے تمام ہائیڈل پاور سٹیشن فنکشنل ہیں اور اِن سے بجلی پیدا کی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :