راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ ڈینگی کے خلاف متحد ہوکر کام کریں ڈینگی کو ممکنہ حد تک کنٹرول کرنے میں مدد حاصل ہوسکے ‘اشفاق سرور

گذشتہ سال کی نسبت اس سال ڈینگی کے مریضوں میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے اسی طرح محنت جاری رہی تو مزید بہترنتائج مرتب ہونگے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرولنس کے دوران لاروا کی برآمدگی ہر صورت یقینی بنائی جائے جتنی تعداد میں لاروا برآمد ہوگا اس سے ڈینگی سے لوگوں کو بچانے میں مدد حاصل ہوگی ڈینگی کے دوران کسی بھی اہلکار کی ست روری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ‘صوبائی وزیر محنت وافرادی قوقت

اتوار 2 اکتوبر 2016 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء ) صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سر ور نے کہا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ ڈینگی کے خلاف جاری مہم میں متحد ہوکر کام کریں تاکہ ڈینگی کو ممکنہ حد تک کنٹرول کرنے میں مدد حاصل ہوسکے ، گذشتہ سال کی نسبت اس سال ڈینگی کے مریضوں میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے اسی طرح محنت جاری رہی تو مزید بہترنتائج مرتب ہونگے ۔

انہوں نے ڈینگی کے خلاف جاری مہم کے دوران غفلت برتنے پر ڈسٹرکٹ آفیسرماحولیات کی کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ غلطی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر دفتر راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ، اجلاس میں ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل، سردار نسیم علی خان ، ایم این اے اسفند یا ر بھنڈرا، ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری سرفراز افضل ، ملک افتخار احمد،راجہ حنیف ایڈووکیٹ ، لبنی ریحان ، زیب النساء اعوان ، مریم اورنگزیب ، راجہ عتیق سرور ، سردار ممتاز ،ڈائریکٹر ایکسائز اسلام آباد ، مریم ممتاز ، ڈی ایچ او ہیلتھ اسلام اآباد ڈاکٹر طاہر ، اے ڈی سی راولپنڈی عارف رحیم ، اے سی صاحبان ، ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ارشد علی صابر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرورنے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی طرف سے ڈینگی کے حوالے سے ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ ہونے والی شکایات کا ازالہ روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرولنس کے دوران لاروا کی برآمدگی ہر صورت یقینی بنائی جائے جتنی تعداد میں لاروا برآمد ہوگا اس سے ڈینگی سے لوگوں کو بچانے میں مدد حاصل ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ ڈینگی کے دوران کسی بھی اہلکار کی ست روری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے تین بڑے ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضو ں کے علاج و معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان بچانا ہمارا فرض ہے اور انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز قیمتی نہیں ۔ ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے اجلاس کو بتایا کہ راولپنڈی اور اس کے ملحقہ علاقوں سے اب تک 244 ڈینگی کے کیس سامنے آئیں اور شہر کے تین بڑے ہسپتالوں میں ابھی تک 174مریضوں کا علاج ہورہا ہے تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی سرگرمیاں بلاتعطل جاری ہے اور ڈینگی ایکٹیوٹی کی نگرانی تھرڈ پارٹی سے کروائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کی نگرانی کرکے ان کی حاضری سو فیصد یقینی بنائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان ڈور سرولنس کے دوران ابھی تک بڑی تعداد میں لاروا برآمد ہورہا ہے اور جن ایریا سے ڈینگی کے مریض آرہے ہیں انہیں فوکس کرکے آئی آرایس اور فوگنگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مکمل خاتمے تک ڈینگی کے خلاف جاری مہم جاری رکھی جائے گی تاکہ ڈینگی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جاسکے -

متعلقہ عنوان :