جنرل ہسپتال میں پہلی عالمی اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی

اینڈو سکوپی الٹرا ساؤنڈ جدید طریقہ علاج ہے جس سے معدہ، جگر اور لبلبہ و دیگر بیمایوں کی تشخیص اور علاج بغیر آپریشن ممکن ہے‘پروفیسر غیاث النبی طیب ورکشاپ کے دوررس نتائج مرتب ہونگے،ورکشاپ میں پچاس مستحق مریضوں کو اینڈو سکوپی و الٹرا ساؤنڈ کی فری سہولت فراہم کی گئی

اتوار 2 اکتوبر 2016 16:54

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء ) جنرل ہسپتال اور ایشین الٹرا ساؤنڈگروپ کے اشتراک سے منعقدہ پہلی انٹر نیشنل اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈاور چھٹی ای آر سی پی ورکشاپ اختتام پزیر ہو گئی۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ وامیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر غیاث النبی طیب نے ورکشاپ کے کامیاب انعقاد کے بارے میں کہا کہ دنیا بھر کے طبی ماہرین کے اس اجتماع کے پاکستان اور بیرونی ممالک میں طبی تعلیم اوربیماریوں کے جدید طریقہ ہائے علاج کے فروغ پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کے دورن امریکہ اور انگلینڈ کے ماہرین سمیت پاکستان کے نامور معالجین امراض معدہ و جگرنے نوجوان ڈاکٹروں کو جنرل ہسپتال کے شعبہ گیسٹرو انٹرالوجی میں براہ راست اینڈو سکوپک الٹراساؤنڈاور ای آر سی پی کی تربیت فراہم کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اینڈو سکوپی الٹرا ساؤنڈ ایک ایسا جدید طریقہ علاج ہے جس کے ذریعے معدہ، جگر اور لبلبہ سمیت بے شمار بیمایوں کی تشخیص اور علاج بغیر آپریشن کیا جاتا ہے ۔

پروفیسر غیاث النبی طیب نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ میڈیکل سائنس کی ترقی کی وجہ سے متعارف ہونے والے تشخیص اور علاج کے جدید طریقوں پر دسترس حاصل کریں کیونکہ نت نئی بیماریوں سے انسانیت کو محفوظ رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ ڈاکٹرحضرات بھی اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں میں وقت کے ساتھ اضافہ کرتے ہوئے اپنے طبی علم کو اپ ڈیٹ رکھیں اور جدید میڈیکل ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھر پور توجہ دیں۔

واضح رہے کہ ورکشاپ میں امریکہ کے فلوریڈا ہسپتال کے ممتاز معالج ڈاکٹر محمد خالد حسن اور یونیورسٹی آف پنسلوینیاکے ڈاکٹر علی احمد صدیقی کے علاوہ ڈاکٹر اختر احمد سعید گیٹشیڈ ہسپتال نیو کاسٹل اپون ٹائن سمیت دیگر ملکی نامور طبی ماہرین نے معدے اور جگر کی بیماریوں، تشخیص اور علاج کے حوالے سے تفصیلی سٹیٹ آف دی آرٹ لیکچر زدئیے ۔ورکشاپ میں پچاس مستحق مریضوں کو فری اینڈوسکوپی کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔

متعلقہ عنوان :