چین اور منگولیا کا جامع پارٹنرشپ کو مستحکم بنانے سے اتفاق

دورے پر آئے کمیونسٹ پارٹی کے سینئر اہلکار منگولیا کے صدر، وزیر اعظم اوردیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں

اتوار 2 اکتوبر 2016 16:32

اولن بٹور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء ) چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سینئر اہلکار لایو ین شن نے گذشتہ روز منگولیا کے صدر اور وزیر اعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور جامع طریقے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کی شدید خواہش کا عندیہ دیا ۔لایو نے جو کہ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیور و کی قائمہ کمیٹی کے رکن ہیں اپنے دورے کا آغاز ہفتے کی صبح اولن بٹور سے کیا ، منگولیا کے صدر تساخیاگ جن ایلبگڈوچ کے ساتھ اپنی ملاقات میں لایو نے چینی صدر شی جن پنگ کی طرف سے نیک خواہشات اور دلی تمناؤں کا پیغام پہنچایا ۔

لایو نے کہا کہ 2014ء میں صدر شی کے سرکاری دورے کے دوران دونوں ممالک نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو جامع دفاعی پارٹنر شپ پر ترقی دی اور اس کے بعد سے دوطرفہ تعلقات نئے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں اس رفتار کو برقراررکھا جانا چاہئے ۔

(جاری ہے)

منگولیا کے وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران لایو نے کہا کہ چین بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت شاہراہ ریشم فنڈ کی حمایت میں منگولیا کیساتھ تعاون کی حوصلہ افزائی کرے گا ، منگولیا کے وزیر اعظم ارڈینی بٹ نے طویل المیعاد چین منگولیا دوستانہ تعاون کی بے حد ستائش کی ، قبل ازیں لایو نے منگولیا کی پیپلز پارٹی ( ایم پی پی ) کے چیئرمین مائی گو م بو اینخ بولٹ سے بھی ملاقات کی ،انہوں نے اسی روز مشترکہ ثقافتی پروگرام کے ظہرانے کی تقریب میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :