ترک صدر کی بھی متنازع امریکی قانون جاسٹا کی شدید مذمت ،متنازع قانون میں فوری ترمیم کا مطالبہ

جاسٹا جیسا متنازع قانون کسی شخص کی انفرادی کارروائی پر پوری ریاست کو مورد الزام ٹھہرانے کی ایک گھناؤنی کوشش ہے،کانگریس نے اس قانونی بل پر صدر کا ویٹو مسترد کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے، رجب طیب اردگان

اتوار 2 اکتوبر 2016 14:16

ترک صدر کی بھی متنازع امریکی قانون جاسٹا کی شدید مذمت ،متنازع قانون ..

استنبول(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) امریکی کانگریس میں سعودی عرب کے خلاف دہشت گردی سے متاثرہ فراد کی جانب سے ہرجانے کے متنازع قانون کی منظوری پر عالمی رہنماؤں کا رد عمل جاری ہے، ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے بھی متنازع امریکی قانون جاسٹا کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس میں فوری ترمیم کی ضرورت پر زور دیا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے استنبول میں پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں امریکی کانگریس کی طرف سے منظور کردہ جاسٹا بل کو بدترین اور امریکی کانگریس کی بہت بڑی غلطی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ جاسٹا جیسا متنازع قانون کسی شخص کی انفرادی کارروائی پر پوری ریاست کو مورد الزام ٹھہرانے کی ایک گھناؤنی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

کانگریس نے اس قانونی بل پر صدر کا ویٹو مسترد کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے۔ ترکی کو توقع ہے کہ جاسٹا جیسے متنازع ایکٹ پر فوری نظرثانی کی جائے گی۔خیال رہے کہ امریکی کانگریس کی جانب سے منظور کردہ قانونی بلجاسٹا پر عالمی برادری کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے بھی کانگریس سے اس بل کی منظوری پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جاسٹا کی منظوری سے امریکی سفارت کاروں کو عالمی سطح پر حاصل تحفظ خطرے میں پڑ سکتا ہے اور کسی بھی امریکی عہدیدار یا سفارت کار کے خلاف عالمی سطح پر قانونی کارروائی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ترک صدر کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے گذشتہ روز انہوں نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف سے ملاقات کی تھی۔

متعلقہ عنوان :