ایم کیو ایم لندن کا فاروق ستار کو بنیادی رکنیت سے فارغ کرنے کا اعلان

ندیم نصرت پارٹی کے منتخب کنوینر ہیں ٗ فاروق ستار کو پارٹی میں تنظیمی فیصلوں کا اختیار حاصل نہیں ٗ ایم کیو ایم لندن تمام اراکین اسمبلی مستعفی ہو جائیں ٗجو اراکین استعفیٰ نہ دیں عوام سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کر دیں ٗ بیان

اتوار 2 اکتوبر 2016 13:26

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) ایم کیو ایم لندن نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کو رکنیت سے فارغ کردیا۔ ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں مصطفی عزیز آبادی، قاسم رضا، محمد اشفاق اور واسع جلیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ندیم نصرت پارٹی کے منتخب کنوینر ہیں اور فاروق ستار کو پارٹی میں تنظیمی فیصلوں کا اختیار حاصل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم لندن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فاروق ستار کی بنیادی رکنیت معطل کر دی گئی ہے لہذا اب وہ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر نہیں رہے۔ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں نے کہاکہ ندیم نصرت ہی پارٹی کے کنوینر ہیں لہذا عوام ان کے بیان کو من و عن تسلیم کریں، تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی فوری طور پر مستعفی ہو جائیں، جو اراکین استعفیٰ نہ دیں عوام سوشل میڈیا پر ان کا بائیکاٹ کر دیں۔واضح رہے کہ الطاف حسین کی جانب سے 22 جولائی کو اشتعال انگیز بیانات کے بعد 23 جولائی کو فاروق ستار نے بانی متحدہ سے لا تعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے جوڑ لیا تھا۔