آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ کا لائن آف کنٹرول کا دورہ ، فوجی دستوں سے ملاقات، فوجی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا،بھارتی میڈیا

اتوار 2 اکتوبر 2016 13:15

نئی دہلی /جموں (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) بھارتی فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ نے لائن آف کنٹرول پر مبینہ سرجیکل سٹرائیک کرنے والے فوجی دستے سے ملاقات کی ہے اور سرحدی علاقوں میں فوجی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا ۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ نے لائن آف کنٹرول پر مبینہ سرجیکل سٹرائیک کرنے والے فوجی دستے سے ملاقات کی ہے اور سرحدی علاقوں میں فوجی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔

بھارت کے اس دعوے کے بعد کہ اس نے لائن آف کنٹرول کے اس پار سرجیکل سٹرائیک کی ہے انڈین فوجی سربراہ کا کشمیر کا یہ پہلا دورہ ہے۔بھارتی اخبار ’’دی انڈین ایکسپریس‘‘نے اپنی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ نے کنٹرول لائن پر 'سرجیکل سٹرائیک' کرنے والے فوجی دستوں سے ملاقات کی ہے۔

(جاری ہے)

اخبار کے کے مطابق جنرل دلبیر سنگھ نے پاکستانی سرحد سے متصل علاقوں میں انڈین فوج کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا ہے۔

انھوں نے ادھم پور میں مختلف کمانڈروں سے ملاقات کی اور موجودہ سکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔اخبار کی صفحہ اول پر یہ سرخی ہے کہ فوجی سربراہ نے شمالی کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر میں اس دستے سے ملاقات کی جس نے مبینہ سرجیکل آپریشن میں حصہ لیا تھا۔'انڈین ایکسپریس' نے اپنے پہلے صفحے پر سرحد سے متصل دیہی علاقوں میں پھیلنے والی کشیدیگی کا ذکر بھی کیا ہے۔

اخبار نے ان خاندانوں کی تصاویر اور حالات بھی شائع کیے ہیں جنھیں سرحد پر کشیدگی کی وجہ سے اپنے گاں چھوڑنے پڑ رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ایسے لوگ جنگ سے زیادہ پریشان اپنی فصل کے تعلق سے ہیں جو اس وقت کٹنے کے لیے تیار ہے اور دہشت زدہ کچھ خاندان تو اپنے ساتھ مویشی بھی لے کر بھاگ رہے ہیں۔واضح رہے کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی علاقے میں سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ کیا تھا جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا۔