بھارت : ٹیکس ناہندگان کیلئے معافی سکیم کے تحت ہزاروں شہریوں نے ساڑھے9 ارب ڈالر سے زائد آمدان اور اثاثے ظاہر کر دیئے

اتوار 2 اکتوبر 2016 13:11

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) بھارت میں حکومت کی جانب سے ٹیکس ناہندگان کے لیے معافی کی ایک سکیم میں ہزاروں شہریوں نے مجموعی طور پر ساڑھے نو ارب ڈالر سے زیادہ کی آمدن اور اثاثے ظاہر کر دیے ہیں۔انڈیا کے وزیرِ خزانہ ارن جیٹلی کا کہنا ہے کہ اس سکیم کے تحت ٹیکس کے 64275 نئے گوشوارے جمع کروائے گئے ہیں۔ اس سکیم کے تحت شہریوں کو ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے لیے چار ماہ کی مہلت دی گئی تھی جو کہ گذشتہ جمعے کو مکمل ہوئی۔

اس سکیم کے تحت شہریوں کو آمدن یا اثاثے نہ ظاہر کرنے کے باوجود قانونی کارروائی سے چھوٹ دی گئی ہے تاہم ان افراد کو نہ ادا کیا گیا ٹیکس، سرچارج اور جرمانے کے ساتھ جمع کروانا ہوگا۔ایک اندازے کے مطابق انڈیا کی حکومت اس سکیم کے ذریعے تقریباً ساڑھے چار ارب ڈالر کما سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انڈیا میں ’بلیک منی‘ یا غیر قانونی دولت ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔

اس سال کے آغاز میں حکومت نے تقریباً سات لاکھ مشتبہ ٹیکس ناہندگان سے رابطہ کیا تھا اور انھیں ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب کے ساتھ یہ سکیم پیش کی۔ٹیکس ناہندگان کو اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی کہ اگر وہ اپنے درست گوشوارے جمع کروا دیتے ہیں اور جرمانہ ادا کر دیتے ہیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ بی بی سی کے مطابق اگرچہ بڑی تعداد میں لوگ سامنے آئے ہیں تاہم ملک میں کْل غیر قانونی آمدن کا یہ بہت چھوٹا حصہ ہے۔

اس سکیم کے مالی تخمینے میں اْن رقوم کو گنا نہیں جاتا جو کہ سوئس اکاوٴنٹس یا ملک سے باہر دیگر ٹیکس ہیونز یعنی ایسے ممالک جہاں ٹیکس قوانین سخت نہیں، میں موجود ہیں اور کچھ سرکاری تفتیش کار اْس دولت کا تخمینہ 500 ارب ڈالر تک لگاتے ہیں۔2014 کے انتخابات میں نریندر مودی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کرپشن اور بلیک منی کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا۔حکومت کا کہنا ہے کہ اس سکیم کے ذریعے جمع کی گئی رقم عوامی مفاد میں خرچ کی جائے گی۔اپریل میں شائع ہونے والے پاناما لیکس کے بعد سے انڈیا میں حکام پر اس حوالے سے کارروائی کرنے کے لیے کافی دباوٴ تھا۔ پاناما لیکس میں تقریباً 500 انڈئن شہریوں کے نام شائع کیے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :