وزیر خزانہ سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات وزیر خزانہ کو عالمی بنک گروپ کے اگلے سالانہ اجلاس سے آگاہ کیا

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر - 2016ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر پاچا موتھو النگوا نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی۔انہوں نے وزیر خزانہ کو عالمی بنک گروپ کے اگلے سالانہ اجلاس سے آگاہ کیا اور پاکستان میں عالمی بنک کے تعاون سے جاری منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاچا موتھو نے کہاکہ پاکستان نے اچھی اقتصادی پیشرفت کی ہے اور عالمی بنک گروپ پاکستان کو مزید ترقی،اشتراک اور تعاون کیلئے مضبوط پارٹنر کی حیثیت سے دیکھنے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی)پاکستان میں متبادل توانائی میں مدد اور اس سلسلے میں قرضہ بھی فراہم کریگی۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں عالمی بنک کے صدرکی حمایت اور دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں عالمی بنک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت کرینگے۔وفاقی وزیر نے گرین انرجی منصوبوں میں عالمی بنک کی امداد کو سراہا۔آئی ایف سی کے نمائندے اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :