Live Updates

عمران خان رائیونڈ مارچ کی ناکامی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ،پاکستان اسی رفتار سے ترقی کر کے ایشین ٹائیگر بنے گا ‘ رانا ثناء اللہ

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء ) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عمران خان رائیونڈ مارچ کی ناکامی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں ، وہ اکیلے چلے تھے اور اکیلے ہی رہ جائیں گے ، وزیر اعظم کے گھر پر دھاوا بولنے سے انکار کرنیوالی جماعتوں کو رشتہ مانگنے کا طعنہ دینے کی باتیں انہیں زیب نہیں دیتی ،پاکستان اسی رفتار سے ترقی کر ے گااور ایشین ٹائیگر بنے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خاننے رائیونڈ مارچ کے خطاب میں جتنی باتیں کی ہیں یہ وہی ہیں جو کہ وہ عرصہ دراز سے کر رہے ہیں ،یہ فیصلے عدالت میں ہونیوالے ہیں لیکن آپ خود ہی وکیل بنے ہوئے ہیں ، خود ہی پراسیکیوٹر لگے ہوئے ہیں اور خود ہی فیصلہ بھی سنا دیتے ہیں ، لوگوں کو گنہنگار بھی بنا دیتے ہیں ،قوم آپ کے اس انداز تخاطب کو اچھا نہیں سمجھتی بلکہ احمقانہ سمجھتی ہے، قوم آپ کا ملک مخالف ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان رائیونڈ مارچ کی ناکامی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،یہی وجہ ہے کہ جن جماعتوں نے پاگل خان کے ساتھ مل کر وزیر اعظم کے گھر پر دھاوا بولنے سے انکار کیا تو ان کو وہ رشتہ مانگنے کا طعنہ دے رہے ہیں ، یہ باتیں انہیں زیب نہیں دیتی ،عمرا ن خان اصغر خان بنتے جا رہے ہیں ، یہ اکیلے ہی چلے تھے اور اکیلے ہی رہ جائیں گے ، نہ اسلام آباد بند ہوگااور نہ اقتصادی راہداری بند ہوگی بلکہ پاکستان اسی رفتار سے ترقی کر ے گااور ایشین ٹائیگر بنے گا۔

رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ جو بات سچ ہے وہ ہم تسلیم کر تے ہیں ، 30اکتوبر 2011ء کو پی ٹی آئی کے مینار پاکستان کے جلسے میں واقعی لاکھوں لو گوں نے شرکت کی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے ، اب لاکھوں منتیں کرنے کے باوجود بھی لو گ ان کے جلسوں کا رخ نہیں کر تے کیونکہ لو گ ان کی حقیقت جا ن چکے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات