راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قتل کے جھوٹے ،من گھڑت مقدمہ میں گرفتاری کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، راجہ نصیر راٹھور ایڈووکیٹ

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 13:37

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی راہنما راجہ نصیر راٹھور ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سابق وزیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قتل کے جھوٹے اور من گھڑت مقدمہ میں گرفتاری کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پی پی پی کے ہزاروں کارکن فیصل ممتاز اور ان کے بے گناہ ساتھیوں کی گرفتاری کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہا رکرتے ہیں کہ اس طرح کے غیر جمہوری اوچھے ہتھکنڈوں اور حکومت کے منفی اقدامات کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے ہر طرح کے راست اقدامات اٹھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل ممتاز راٹھور کی گرفتاری کی خبر کوٹلی پہنچنے پر اکٹھے ہونے والے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نصیر راٹھور نے کہا کہ زمانہ پیپلزپارٹی اور اس کے کارکنوں کی جدوجہد اور تاریخ سے آگا ہ ہے۔

(جاری ہے)

گرفتاری، لاٹھی چارج، آنسو گیس ، پھانسیاں نہ پہلے جھکا سکیں ہیں اور نہ ہی اب ہمیں مرعو ب کر سکیں گی۔اس لیے حکومت ہوش کے ناخن لے اور ر یاست کے حالات کو خراب ہونے سے بچائے۔

نصیر راٹھور نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم اور فوج کے ناپاک عزائم ، کنٹرول لائن پر کھلی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کے حالات آزادی کے بیس کیمپ میں اتحاد ویکجہتی کے مقتاضی تھے لیکن یہاں پر آئے روز نت نئے ڈرامے رچاکر لوگوں کو آپس میں لڑاکر حکومت کی جا رہی ہے۔ نصیر راٹھور نے کہا کہ اگر فیصل ممتاز راٹھور اور فاروڈ کہوٹہ حویلی میں پیپلز پارٹی کے بے گناہوں کو رہا اور مظلوموں کی داد رسی نہ کی گئی تو پُرزور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :